بی جے پی کا ایک بڑا مسلم چہرہ شاہنواز حسین کا نام بھی پہلی بار غائب!
یواین آئی
پٹنہ بہار میں اس مرتبہ لوک سبھا انتخاب (2019) میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی صرف ایک حلیف جماعت جنتاد ل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) نے ایک سیٹ پر مسلم کمیونیٹی سے امیدوار کھڑاکیا ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے تو اپنے مقبول مسلم چہرہ مانے جانے والے سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین کو ریاست کے کسی بھی سیٹ سے امیدوار کا اہل نہیں سمجھا ۔ این ڈی اے کی بہار کی 40 میں سے 39 لوک سبھا سیٹوں کے لئے آج جاری امیدواروں کی فہرست میں جے ڈی یو نے سال 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں اپنے کوٹے سے صرف ایک سیٹ کشن گنج سے مسلم کمیونیٹی کے مسٹر محمود اشرف کو امیدوار بنایا ہے ۔ اس سے قبل سال 2009 کے عام انتخاب میں جے ڈی یو نے کشن گنج سیٹ سے ہی مسٹر اشرف کو ٹکٹ دیا تھا۔ جے ڈی یو نے سال 2014 کے عام انتخاب میں ریاست کی مختلف سیٹوں سے کل پانچ مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے ۔ اس نے گذشتہ لوک سبھا میں شیوہر سے شاہد علی خان ، مدھوبنی سے غلام غوث ، کشن گنج سے اختر الایمان ، سارن سے سلیم پرویز اور بھاگلپور سے ابو قیصر کو ٹکٹ دیا تھا۔ اس سے قبل جے ڈی یو نے ڈاکٹر مناظر حسن کو سال 2004 کے انتخاب میں مونگیر اور 2009 میں بیگو سرائے سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔ وہیں سال 2019 کی بہار این ڈی اے کی فہرست سے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کا ایک بڑا مسلم چہرہ شاہنواز حسین کا نام بھی پہلی بار غائب ہے ۔ مسٹر حسین گذشتہ لوک سبھا انتخاب میں بھاگلپور سے بی جے پی کے امیدوار تھے اور محض آٹھ ہزار ووٹوںکے فرق سے انتخاب ہار گئے تھے ۔ اس سے قبل 2004 کے لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کے سشیل کمار مودی فاتح ہوئے تھے اور سال 2005 میں ریاست کے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوںنے اس سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد اس سیٹ کے لئے ضمنی انتخاب میں مسٹر حسین جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے ۔ مسٹر حسین پہلی بار9 199 میں کشن گنج حلقہ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر جیت کر لوک سبھا پہنچے تھے ۔ اس کے بعد سال 2004 میں کشن گنج سے بی جے پی کے امیدوار بنائے گئے تھے ۔ لیکن اس بار وہ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی) امیدوار محمد تسلیم الدین سے ہار گئے ۔ سال2019 میں این ڈی اے میں سیٹوں کے تال میل کے تحت بھاگلپور سیٹ جے ڈی یو کے کھاتے میں چلی گئی اور جے ڈی یو نے اس سیٹ سے اجے کمار منڈل کو امیدوار بنایا ہے ۔ وہیں این ڈی اے کی دیگر حلیف لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) اپنی چھ میں سے پانچ سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں اعلان کر دیا ہے ۔ ان سیٹوں پر ایک بھی مسلم امیدوار کوکھڑا نہیں کیا گیا ہے ۔ ابھی اس کی ایک سیٹ کھگڑیا سے امیدار کے نام کا اعلان ہونا باقی ہے ۔ سال 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں ایل جے پی نے اس سیٹ سے چودھری محبوب علی قیصر کو ٹکٹ دیا تھا اور وہ جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے ۔