بھاجپا”چوکیدار چور ہے“کے نعرے کو چوکیداروں کی عزت نفس سے جوڑنے کی کوشش میں!
یواین آئی
نئی دہلیکانگریس صدر راہل گاندھی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ‘چوکیدار’ کے سلسلے میں بھلے ہی زبانی جنگ چھڑی ہوئی ہو لیکن ملک کے تقریبا ایک کروڑ نوجوان اسی پیشے سے اپنا گھر چلا رہے ہیں ۔اس پیشے میں 15سے 40سال عمر کے ایک کروڑ سے زیادہ نوجوان جڑے ہوئے ہیں۔مسٹر مودی خود کو ملک اور عوام کی دولت اور املاک کا”چوکیدار” بتاتے ہیں۔دوسری طرف مسٹر راہل گاندھی ان پر مسلسل یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ انہوں نے رافیل طیارے سودے میں صنعت کار انل امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے کا آف سیٹ ٹھیکہ دلوایا جبکہ ان کی کمپنی کو طیاروں کے بارے میں کسی طرح کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس صدر الزام لگاتے رہے ہیں کہ ملک کا "چوکیدار چور ہے ۔” مسٹر گاندھی کے اس نعرے کے جواب میں مسٹر مودی نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹرپر اپنے نام سے پہلے ‘چوکیدار’ لفظ شامل کر لیا ہے ۔ اس کے بعد مرکزی کابینہ میں ان کے ساتھیوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں اور کارکنوں نے وزیراعظم کی پیروی کی تھی۔ فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں چوکیداری کا کاروبار تیزی سے بڑھنے والے پیشوں میں شامل ہے ۔ اس کے مطابق اگلے سال تک ملک میں چوکیدار¸ کا بزنس ایک ہزار ارب روپے کا ہوگا اور اس میں ایک کروڑ نوجوان جڑ جائیں گے ۔ ان نوجوانوں کی عمر 15سال سے 40سال کے درمیان ہو گی۔ورکروں سے منسلک ایک تنظیم کے مطابق چوکیداری کے پیشے میں زیادہ تر لوگ اترپردیش، بہار، مغربی بنگال، راجستھان، جھارکھنڈ اور آسام سے آتے ہیں۔ اگرچہ دو دہائی پہلے چوکیداری کے پیشے میں نیپال کے لوگوں کا غلبہ تھا۔ایک مطالعہ کے مطابق چوکیداری کے پیشے میں زیادہ تر نوجوان غریب خاندان سے آتے ہیں اوروہ اسکول کی تعلیم بیچ میں چھوڑ کر اس پیشے سے جڑ جاتے ہیں۔چوکیداری کے پیشے نے لاکھوں خاندانوں کو خط افلاس سے اوپر آنے میں مدد کی ہے ۔وقت کی تبدیلی کے ساتھ چوکیداری کے پیشے میں کئی پروفیشنل کمپنیاں بھی شامل ہو گئی ہیں۔ گھروں،ہاوسنگ کامپلیکس اور تجارتی اداروں سے لے کر لوگوں کی حفاظت اور بینکوں میں نقد لانے لے جانے کے کام میں بھی چوکیداروں کو تعینات کیا جانے لگا ہے ۔کئی سرکاری اداروں میں بھی پرائیویٹ سیکورٹی گارڈوں کو رکھا جانے لگا ہے ۔کانگریس صدر کے ‘چوکیدار چور ہے ‘ نعرے کو چوکیداری کے پیشے سے منسلک کچھ لوگوں نے اپنے وقار سے جوڑتے ہوئے ممبئی میں ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ اس کے علاوہ چوکیداری کے پیشے سے وابستہ لوگوں کی تنظیم نے اس کی شکایت ہندوستانی مزدور یونین سے کی ہے جس نے مسٹر گاندھی سے اس نعرے پر معافی مانگنے کو کہا ہے اور اس کے خلاف تحریک چلانے کی بھی دھمکی دی ہے ۔ماہرین کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی "چوکیدار چور ہے ” کے نعرے کو چوکیداروں کی عزت نفس سے جوڑنے کی کوشش میں ہے ۔اس سے بی جے پی کو ایک بڑے طبقے کی ہمدردی مل سکتی ہے ۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں مسٹر مودی کانگریس لیڈر منی شنکر ایر کے ذریعہ ان پر کئے گئے تبصرہ "چائے والا” سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے تھے ۔