دوخواتین اور ایک کمسن سمیت گیارہ افراد ہلاک ، دیگر چار زخمی
ندیم اقبال کٹوچ/یو این آئی
جموںجموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں ہفتہ کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں 11 افراد ازجان جبکہ دیگر چار زخمی ہوئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق رام بن کے چندر کوٹ۔راج گڑھ روڑ پر ہفتہ کی صبح ایک مسافر بردار سومو گاڑی جس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 11 مسافرہلاک جبکہ دیگر چار زخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق پانچ افراد موقعہ پر ہلا ک جبکہ دیگر چھ افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لانے کے باعث دم توڑ بیٹھے۔ مہلوکین میں پانچ بچے اور چار خواتین شامل ہیں۔ چار میں سے تین زخمیوں کو ائرلفٹ کرکے میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع رام بن انیتا شرما نے بتایا کہ حادثہ راج گڑھ روڑ پر پیش آیا ہے۔ انہوں نے بتایا ‘راج گڑھ روڑ پر چل رہی ایک سومو گاڑی کھائی میں گری۔ گاڑی میں سوار گیارہ لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے جس میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ تین زخمیوں کو ائرلفٹ کرکے میڈیکل کالج وہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ایک ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج ہے’۔انہوں نے مزید بتایا ‘پولیس کو جوں ہی حادثے کی اطلاع ملی تو متعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ لوگوں کو ریسکیو کرکے ہسپتال پہنچایا گیا’۔مہلوکین کی شناخت کارن ولد جسویر سنگھ ساکن کومیٹ راج گڑھ، ارملہ دیو زوجہ منجیت سنگھ ساکن دسوال راج گڑھ، پری بنت منجیت سنگھ ساکن دسوال راج گڑھ، رومال الدین ولد عبداللہ ملدان راج گڑھ، ا?مینہ بانو بنت ذاکر حسین ساکن ملدان راج گڑھ، ارجن سنگھ ولد جسویر سنگھ ساکن کومیٹ راج گڑھ، ببلی دیوی زوجہ جسویر سنگھ ساکن کومیٹ راج گڑھ، روبینہ بیگم زوجہ محمد اکرم ساکن تتراسو رام بن، محمد مبین ولد سعید اللہ ساکن سترہ بھارٹنڈ، حسن بی بی زوجہ گلہ گجر باگوہ ڈوڈہ اور ذاکر حسین کے ایک کمسن بچے کے طور پر ہوئی ہے۔زخمیوں کی شناخت کشور کمار ولد لکشمن داس ساکن گھات گلی، محمد اکرم ولد فقیر احمد ساکن تتراسو ماتھریہ، سنجے کمارولد موہن لال ساکن ببروٹہ راج گڑھ اور مسریٰ بیگم زوجہ ذاکر حسین ساکن ملدان راج گڑھ کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے کشور کمار کو ضلع ہسپتال رام بن میں زیر علاج ہے جبکہ باقی تین کو جموں منتقل کیا گیا ہے۔چیف میڈیکل افسر رام بن داکٹر ایس ڈی خان نے بتایا کہ ضلع ہسپتال رام بن دس زخمی پہنچائے گئے لیکن وہ سب کے سب جان بحق ہوچکے تھے۔راج گڑھ ضلع رام بن کا دور افتادہ تحصیل ہے اور ایک رابطہ سڑک اس کو سری نگر جموں قومی شاہراہ سے جوڑتی ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے اور نتیجتاً حادثے پیش آجاتے ہیں۔