نوجوان کھیلوں سے رشتہ قائم کریں نہ کہ منشیات و دیگر ملک دشمن عناصر و سرگرمیوں سے : پرویز ملک آفریدی
ماجد چوہدری
پونچھ؍؍ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل کی راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی نے اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں مختلف عمر کے زمرے کے کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ منعقد کروایا۔اب تک 6 میچ کھیلے گئے اور انڈر 14 اور 19 کی 4 ٹیموں نے ان میں حصہ لیا۔یہ میچز کھلاڑیوں کو آنے والے دنوں میں ہونے والے ضلعی، ریاستی و قومی سطح کے ایونٹس کے لیے تیار کرنے کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔ تقریب کا انعقاد بانی اور ہیڈ کوچ پرویز ملک آفریدی کی نگرانی میں کیا گیا جس میں کوچنگ سٹاف سمیت بی سی سی آئی کے ٹرینر پون کمار شرما، سید طلعت وسیم، شبیر ملک، وسیم کوہلی، جاوید اقبال، عرفان یوسف، مظفر اقبال احمد معروف حسین ماہی اور سید شامل وغیرہ شامل تھے۔ اس تقریب کے انعقاد کا ایک اور اہم مقصد ضلع کے نوجوانوں کو پیغام دینا تھا کہ وہ گمراہ نہ ہوں، منشیات کو نہ کہیں اور اسپورٹس کلچر کا حصہ بنیں۔پرویز ملک آفریدی کے بانی اور ہیڈ کوچ آر ڈی سی اے نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات کی لعنت، ملک دشمن عناصر اور سرگرمیوں سے دور رہیں اور کھیلوں سے زیادہ سے زیادہ جڑیں۔