یواین آئی
راجوری؍؍ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے سندربنی علاقے میں بدھ کے روز چند افراد تحصیلدار آفس میں زبردستی داخل ہوئے اور وہا ں پرگرما گرم بحث کے دوران ہاتھا پائی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں تحصیلدار سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے اس حوالے سے دو الگ الگ کیس درج کئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز سندر بنی راجوری میں چند افراد تحصیلدار آفس میں زبردستی داخل ہوئے اور وہاں پرموجود آفیسران کے ساتھ نہ صرف بد تمیز ی اور گالی گلوچ کی بلکہ جھگڑا بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہاتھا پائی کے دوران تحصیلدار سندر بنی سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے چندر موہن اور انیل لکھن پال ساکنان سندر بنی کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 20/2022 اور دویندر کمار سوڈن اور مزید تین کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 21/2022 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش جاری ہے اور بہت جلد ملزمان کو حراست میں لیا جائے گا۔