ریاستی انتظامیہ سے کی اضافی تنخواہ واگزار کرنے کی اپیل کی
ظہیر عباس/وسیم حیدری
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی میں رہبرِ تعلیم اساتذہ اور متعدد محکمہ جات کے ملازمین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں ملازمین نے شرکت کر کے ریاستی انتظامیہ سے پنچائتی انتخابات میں فرائض انجام دینے کی اضافی تنخواہ واگزار کرنے کی اپیل کی – اس موقع پر تحصیل صدر رہبر تعلیم اساتذہ شمیم الحسن انصاری نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کی جانب سے پنچائتی انتخابات کے دوران با ضابطہ تحریری طور پر حکم نامہ جاری کیا تھا کہ اس انتخابات میں الگ الگ مقامات پر فرائض انجام دینے والے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی لیکن اب تک ملازمین کو تنخواہ نہیں دی گئی ہے – ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں جو بھی عمل کیا جانا تھا وہ ہو چکا ہے اور فائلیں دفاتر کی خاک چھان کر منزلِ مقصود تک پہنچ گئیں ہیں اور اب تک ملازمین کے حق میں تنخواہ واگزار کر دی جانی چاہیے تھی لیکن تین چار ماہ گزر جانے کے باوجود اس میں بلا وجہ تاخیر کی جا رہی ہے – انہوں نے اور وہاں موجود دیگر تمام ملازمین نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کی کہ جلد از جلد ملازمین کے حق میں اضافی تنخواہ کو واگزار کیا جائے – رہبرِ تعلیم اساتذہ فورم کے تحصیل صدر نے ریاستی انتظامیہ سے ذونل سطح پر اساتذہ کا تبادلہ اور انڈر گریجویٹ ملازمین کی پریشانی کو بھی جلد حل کرنے کی اپیل کی – اس موقع پر اکبر علی بانڈے، لیاقت صفوی، محمد اعظم ،پرویز احمد ،محمد اکرم، عبدالرشید ،تصدق بانڈے اور محمد اسحاق کے علاوہ متعدد ملازمین نے شرکت کی۔