محکمہ باغبانی کی جانب سے سرنکوٹ کے درابہ میں بیداری کیمپ کا انعقاد
افتخار جعفری /آکاش ملک
سرنکوٹ// تحصیل سرنکوٹ کے زون درآبہ میں محکمہ باغبانی کی جانب سے جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا اس موقعہ پر متعدد مقامی لوگوں نے کیمپ میں شمولیت اختیار کی۔اس موقعہ پر متعلقہ محکمہ کے آفیسران موجود تھے ان کے علاوہ ایس ڈی ایم سرنکوٹ سلیم قریشی اور تحصیلدار سرنکوٹ شاہد اقبال بھی موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران محکمہ باغبانی کے آفیسران نے عوام کو باغبانی متعلق مفصل جانکاری فراہم کی اور لوگوں کو تفصیلی طور پر بتایا کہ کس طرح سے درختوں کی پیدوار کو بڑھانا ہے اور ان کی دیکھ بھال کیسے کرنی ہے۔انہوں نے پانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں پانی کی قلت ہر جگہ پائی جاتی ہے اور پانی کے استعمال کو ضرورت کے مطابق کیا جائے تاکہ آنے والے وقت میں عوام کو پانی کی قلت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پانی کی قلت کا مسئلہ تیسری عالمی جنگ کے مترادف سمجھا جاتا ہے لہذا پانی کو کم سے اور ضرورت کے مطابق استعمال کیا جائے۔کیمپ میں موجود لوگوں نے باغبانی کے متعلق کئی ضروری سوالات کئے اور محکمہ باغبانی کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے لوگوں کو کافی اہم موضوعات کے متعلق جانکاری حاصل ہوئی ہے جس سے باغبانی میں مزید پیش رفت حاصل ہو گی۔لوگوں کا کہنا تھا کہ کئی مرکزی مراعات اسکیمیں اس محکمہ میں دستیاب ہوتی ہیں جن کے متعلق لوگوں کو جانکاری نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کے ذریعے سے کئی اہم اسکیموں کے متعلق واقفیت حاصل ہوئی ہے جس سے لوگ استفادہ حاصل کریں گے۔اس موقعہ پر لوگوں نے محکمہ زراعت و کھیتی باڑی کی جانب سے ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ دور دراز علاقوں میں محکمہ کو توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ دور دراز علاقوں میں بہتر بیج دستیاب کرانے میں ناکام رہا ہے جس سے فصلوں کی پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت اضافی قیمتیں حاصل کرنے کے باوجود بہتر بیج دستیاب نہیں کروا پاتا جس سے فصلوں کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے محکمہ زراعت و کھیتی باڑی کے اعلی حکام سے اپیل کی کہ دور دراز علاقوں میں میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور کسانوں کو وقتا فوقتا جانکاری فراہم کی جائے تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہو۔