حب الوطنی کے جوش نے اب آسمانوں کو بھی نہیں بخشا: محبوبہ مفتی
یواین آئی
سرینگرپی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایئر انڈیا کے نئے حکم نامے پر اپنے سابق اتحادی بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کا جوش اب آسمانوں تک بھی پہنچ گیا ہے۔واضح رہے کہ ایئر انڈیا نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت اب پروازوں کے اڑنے کا اعلان کرنے سے قبل عملے کے اہلکاروں کو ‘جے ہند’ بولنا ہے۔ متعلقہ عہدیداروں کے مطابق یہ حکم نامہ عملے کو قوم کے موڑ کے تئیں ایک یاددہانی کے بطور جاری کیا گیا۔سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس حکم نامے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ‘عام انتخابات نزدیک ہونے کے پیش نظر حب الوطنی کے جوش نے اب آسمانوں کو بھی نہیں بخشا ہے’۔رپورٹوں کے مطابق اشونی لوہانی نے ایئر انڈیا کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنی پہلی مدت کار کے دوران سال 2016 میں پائلٹوںکے لئے اسی نوعیت کا ایک حکم نامہ جاری کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے ساتھ سال گذشتہ اتحاد پاش پاش ہونے کے بعد پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے کسی بھی موقعے کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ہیں۔