کشمیر میں سردی کی شدت میں کمی لیکن موسم بدستور ناساز گار

0
0

یو این آئی
سری نگر وادی کشمیر میں اگرچہ سردی کی شدت میں بتدریج کمی درج کی جارہی ہے لیکن موسمی حالات بدستور ناساگار ہیں۔ وادی کشمیر میں دو دنوں سے میدانی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں و قفہ وقفہ سے ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو گرچہ سہ پہر تک موسم خشک رہا لیکن اس کے بعد متعلقہ محکمہ کی پیش گوئی کے عین مطابق بارشیں شروع ہوئیں اور بالائی علاقوں میں کہیں ہلکی برف باری تو کہیں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق ریاست میں جمعہ کی سہ پہر سے موسمی حالات میں بہتری واقع ہوسکتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رواں موسم سرما نے جہاں سردی اور بھاری برف باری کے کم وبیش چار دہائیوں پرانے ریکارڑ مات کئے وہیں اس دوران برفانی تودے گر آنے کی وجہ سے قریب تین درجن انسانی جانیں بھی تلف ہوئیں۔ سن رسیدہ لوگوں کا کہنا ہے کہ رواں موسم کے چلہ کلان نے اپنی طاقت کا بھر پور استعمال کرکے لوگوں کو زمانہ قدیم کے ‘چلہ کلان’ کی قہر سامنیوں کی یاد تازہ کی ہے جو اب بزرگوں کے لوح ذہن سے رفتہ رفتہ زائل بھی ہوئی تھی اورجس سے نئی پود بالکل نا آشنا تھی۔ بعد ازاں 20 دنوں پر محیط چلہ خورد نے بھی اپنے تیور دکھانے میں کوئی بخل نہیں کیا۔ چکلہ خورد کے ابتدائی ایام میں ہی بھاری برف باری ہوئی جس سے جانی ومالی نقصان ہوا۔ رواں موسم سرما کے دوران وادی کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی ششاہراہ شاذ ونادر ہی کھلی رہی جس سے اہلیان وادی کے مشکلات و مسائل مزید سنگین ہوگئے۔ ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 12.1 ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا