ایک ماہ نہیں، پوری تنخواہ واگزار کی جائے : اساتذہ
افتخار جعفری /آکاش ملک
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت فورم کے زونل صدر سرنکوٹ *محمد یوسف شاہ نے کی۔ اس موقعہ پر ریاستی سینئر وائس چیئرمین ریبرتعلیم ٹیچرز فورم نجم الحسن جعفری مہمان خصوصی تھے جبکہ ان کے ہمراہ سید علی مرتضیٰ شاہ ، شمیم الحسن انصاری، تحصیل صدر منڈی نیاز کرمانی زونل صدر ساتھرہ ،اکبر علی بانڈے زونل صدر منڈی ،سجاد کرمانی بھی موجود تھے۔ رہبر تعلیم اساتذہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ چند روز قبل ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ رہبر تعلیم اساتذہ کی چھ ماہ کی تنخواہ واگزار کی جائے گی تاہم اس سلسلے حکومتی خزانہ نے دو دن قبل 882 کروڑ روپے واگزار کئے تھے جب کہ گزشتہ شب سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر کا یہ بیان تھا کہ ایک ماہ کی تنخواہ واگزار کی جا رہی ہے ۔جو کہ سراسر ناانصافی ہے کیوں کہ پچھلے 6 ماہ کی بینک انسٹالمنٹ ادائیگی بقایا پڑی ہیں اور یہ تنخواہ سیدھی بینک میں جائے گی تو ٹیچر کے پاس کیا رہے گا لہذا تمام اساتذہ نے ایک ماہ تنخواہ لینے سے انکار کیا اور یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ اگر ہماری پوری چھ ماہ کی تنخواہ واگزار نہیں کی گئی تو اس صورت میں احتجاج کیا جائے گا۔محمد یوسف شاہ نے چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے مودبانہ گذارش کی ہے کہ ہے اساتذہ کی ایک ماہ کی تنخواہ واگزار نہ کی جائے۔ شاہ نے کہا کہ چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نہایت ہی ایماندار آفیسر ہیں جنہوں نے اساتذہ کے تمام مسائل کو حل کیا ہے۔لہذا ہم یہ امید رکھتے ہیں کہ ہماری پوری تنخواہ واگزار کروائی جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔