توصیف رضا گنای
پونچھ// لیبر دفتر پونچھ میں ان دنوں لیبر افسر و انسپکٹر کے غیر موجودگی سے عوام نہایت پریشانیوں سے جھوج رہے ہیں عوام کی پریشانی کی بڑی وجہ متعلقہ لیبر کمیشنر کی ٹرانسفر کے بعد نئے آفیسر کی ابھی تک تعیناتی نہ ہونا ہے کیونکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگ جب دفتر پہنچتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ آفیسر ہی دفتر میں نہیں ہے جس سے عوام شدید پریشان ہو کر مایوسی کے عالم میں واپس لوٹ جاتے ہیں اس سلسلہ میں مختلف عوامی شکایات سننے کے بعد جب متعلقہ دفتر کا دورہ کیا تو واقعتا وہاں پر کوئی ذمہ دار آفیسر موجود نہیں تھا جس سے وہاں موجود لیبر ورکرز کافی پریشان نظر آ رہے تھے ۔اس ضمن میں سید شباب کاظمی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کافی دنوں سے وہ دفتر کے چکر کاٹ کاٹ کر تنگ آ چکے ہیں لیکن نہ ہی انسپکٹر اور نہ ہی اے ایل سی موجود ہوتے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور گورنر سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد مسئلے پر نظر ثانی کر کے آفیسران کو تعینات کیا جائے ۔وہیںامتعلقہ دفتر کے ایک سینئر کلرک اسرار احمد جو کہ دفتر انچارج بھی ہیں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ پہلے لیبر کمشنر کے تبادلے کے بعد پونچھ میں متعلقہ آفیسر کی کرسی خالی ہے جس سے کچھ حد تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے لیکن جو کلرک سطح کے کام ہوتے ہیں وہ سارے کام بہتر طور سے ہو رہے ہیں اور عوام ان سے مطمئن ہے۔