یواین آئی
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے انہیں سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے جموں میں درماندہ مسافروں کو جہاز کے ذریعہ سری نگر لانے کے لئے انتظامات کرنے کی یقین دہانی کی۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی سائٹ ٹویٹر پر لکھا ‘میں نے سیتا رمن صاحبہ سے کئی دنوں سے شاہراہ بند رہنے کی وجہ سے جموں میں درماندہ ہوئے مسافروں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے مجھے ان درماندہ مسافروں کو جہاز کے ذریعے جلدی سری نگر لانے کے بارے میں انتظامات کرنے کی یقین دہانی کی’۔ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر دفاع کے جوابی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا تھا ‘فوج درماندہ طلاب علموں اور دیگر مسافروں کو جہاز کے ذریعے جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں لائے گی۔اس معاملے پر محبوبہ مفتی کی فون کال کو تسلیم کیا جاتا ہے’۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ گزشتہ چھ دنوں سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے لگاتار بند ہے جس کے باعث جہاں درماندہ مسافر’تنگ آمد بہ جنگ آمد’ کے مصداق سراپا احتجاج ہیں وہیں اہلیان وادی بھی گونا گوں مسائل ومشکلات سے دوچار ہیں۔