راجستھان کے نتائج چشم کشا: شتروگھن
یواین آئی
نئی دہلی؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناراض لیڈر شتروگھن سنہا نے راجستھان میں لوک سبھا سیٹوں کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کو ہوئی زبردست شکست پر کہا کہ یہ نتائج اس بات کا اشارہ ہیں کہ حکمراں پارٹی کے لئے اب اپنا گھمنڈ ترک کرنے کا وقت آگیا ہے۔مسٹر سنہا نے آج ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے اندر ہی لوگوں کو یہ پتہ لگ جائے گا کہ 2018-19 کے بجٹ میں جو وعدے کئے گئے ہیں وہ ایسے خواب ہیں جو پورے نہیں ہونے والے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے سلسلے میں عام لوگوں کا جو ردعمل مل رہا ہے اس سے یہ واضح ہے کہ جب بجٹ کا سارا ہنگامہ سرد ہوجائے گا تو عام آدمی کو یہ سمجھنے میں دیر نہیں لگے گی کہ انہوں نے جو خواب بجٹ کے ذریعہ دکھائے ہیں وہ کبھی پورے نہیں ہونے والے۔ راجستھان کے نتائج یہی بتارہے ہیں کہ عام آدمی اب ان باتوں کے بارے میں کیا سوچنے لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ احتساب کا وقت ہے۔ ہوشیار ارجن ہوشیار، چلیں گھمنڈ چھوڑ کر ہوش میں آئیں۔راجستھان میں الور اور اجمیر کی لوک سبھا سیٹ اور منڈل گڑھ اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی الیکشن میں بی جے پی کو سخت شکست کا سامنا کرنا پڑ اہے۔اس سے قبل مسٹر سنہا نے لی ٹوئٹ کرکے کہا ’’حکمراں جماعت کے لئے ریکارڈ بریکنگ خطرناک نتائج کے ساتھ بریکنگ نیوز۔ بی جے پی کو تین طلاق دینے والا راجستھان پہلا صوبہ بن گیا۔ اجمیر طلاق، الور طلاق، منڈل گڑھ طلاق۔ ہماری پارٹی کی دھچکا دیتے ہوئے ہمارے مخالفین نے ریکارڈ فرق سے الیکشن میں جیت درج کی ہے۔‘‘