طلباء کا نوجوان ذہن ایک مٹی کی مانند ہے جو تعلیم اور تجربے کی کھاد سے مزید پروان چڑھتاہے :ڈاکٹر راجندر سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍انسٹی ٹیوشن انوویشن کونسل ایس پی ایم آر کالج آف کامرس نے کالج پرنسپل ڈاکٹر راجندر سنگھ کی سرپرستی میں وزارت تعلیم کے زیر اہتمام مینٹور مینٹی اسکیم کے حصے کے طور پر امپیکٹ لیکچر سیشنز کا انعقاد کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر راجندر سنگھ نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سیشن سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کو فروغ دیں تاکہ وہ اختراعی کاروباری بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کا نوجوان ذہن ایک مٹی کی مانند ہے جو تعلیم اور تجربے کی کھاد سے مزید پروان چڑھتا اور ترقی کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ طلباء جو سیکھتے ہیں اسے عملی جامہ پہنانا چاہیے۔وہیں آئی آئی سی کمیٹی کے نائب صدر پروفیسر آشو منہاس نے اجتماع کا رسمی استقبال کیا جس میں تقریباً 70 طلباء نے شرکت کی۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں، انہوںنے سامعین کو آئی آئی سی کے مقاصد اور طلبہ کی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کمیٹی کے ذریعے نافذ کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ تاہم پہلے تکنیکی سیشن میں ریسورس پرسن ڈاکٹر جگن ناتھ، اسسٹنٹ پروفیسر، ڈپارٹمنٹ آف بزنس پالیسی، اسٹریٹجی اینڈ انٹرپرینیورشپ، آئی آئی ایم جموں، نے حکمت عملی کی تشکیل اور ڈیزائن سوچ کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ اپنے انٹرایکٹو سیشن میں، انہوں نے طلباء کو ترقی پزیر کاروباریوں کی بنیادی اقدار کے بارے میں روشن خیال کیا۔
وہیںدوسرے تکنیکی سیشن کے ریسورس پرسن ڈاکٹر سدیش پہل، کنوینر انسٹی ٹیوٹ انوویشن کونسل ایم ایس آئی ٹی نئی دہلی تھے۔ اس اختراعی آئیڈیا کی توثیق پر اپنی پیشکش کے دوران، انہوں نے کاروباری سفر کے پانچ اہم مراحل کا خاکہ پیش کیا، جس میں آئیڈییشن، کم از کم قابل عمل پروڈکٹ، پروڈکٹ مارکیٹ فٹ، چینل مارکیٹ فٹ، اور میچورٹی شامل ہیں۔ ان کی رہنمائی کے ساتھ، طالب علموں کو نئے خیالات پیدا کرنے، ان کی توثیق کرنے، اور متنوع مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی جامہ پہنانے کی تحریک ملی۔