سری نگر لوک سبھا سیٹ پر اچھی پولنگ ہوئی، لوگ پارلیمنٹ تک ایک پیغام پہنچانا چاہتے ہیں: محبوبہ مفتی
سری نگر؍؍ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ سری نگر لوک سبھا سیٹ پر اچھی پولنگ ہوئی کیونکہ یہاں گذشتہ پانچ برسوں سے لوگوں کا دم گٹھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کے ذریعے لوگ دلی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ سال 2019 میں لئے گئے حکومتی فیصلوں سے خوش نہیں ہیں۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک انتخابی ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘کل سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے اچھی پولنگ ہوئی کیونکہ یہاں گذشتہ پانچ برسوں سے لوگوں کا دم گٹھ رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘لوگ دلی کو ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جو سال 2019 میں فیصلے لئے گئیاور اس کے بعد جو ہماری زمین، نوکریوں کے متعلق فیصلے لئے گئے وہ لوگوں کو قابل قبول نہیں ہیں’۔محبوبہ مفتی نے کہا: ‘میں الیکشن کمیشن سے کہنا چاہتی ہوں کہ کل جہاں جہاں پر لوگوں کی زیادہ بھیڑ جمع ہوئی اور اشارہ ملا کہ وہ پی ڈی پی کو ووٹ دیں گے تو وہاں پولنگ عمل کو جان بوجھ کر سست کر دیا گیا’۔انہوں نے کہا: جس طرح سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے اچھی ووٹنگ ہوئی میں چاہتی ہوں کہ اننت ناگ – راجوری سیٹ پر لوگ اچھی تعداد میں ووٹ ڈالیں’۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ ووٹ ڈال کر اپنی آواز کو پارلیمنٹ میں پہنچانا چاہتے ہیں۔