نوجوانوں پر سیاست اور کھیلوں میں شمولیت پر زور، نشے سے دوررہنے کی تلقین کی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ممبر پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) اور بی جے پی کے سینئر لیڈر، غلام علی کھٹانہ نے جمعہ کو ‘ایم آئی ٹی اسکول آف گورنمنٹ، پونے’ کے طلباء کو چھوٹی عمر میں سیاست میں شامل ہونے کی اہمیت کے بارے میں روشن خیال کیا۔واضح رہے سیاسی قیادت اور حکومت میں ماسٹرز پروگرام کے 19ویں بیچ کے ان طلباء کا ایک گروپ ‘نیشنل اسٹڈی ٹور’ پر پارلیمنٹ کے دورے پر تھا۔ان طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کھٹانہ نے کہا کہ آج کا نوجوان کل ملک کو چلائے گا اور جوانی ہی سیاست میں آنے کا مناسب دور ہے۔
اپنے کالج کے دنوں کا حوالہ دیتے ہوئے جہاں وہ ایک ممتاز طالب علم رہنما بھی رہے، غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ قیادت بہت چھوٹی عمر میں ہی طلبہ میں نظم و ضبط پیدا کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی آبادی کا 55 فیصد سے زیادہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارا ملک نوجوانوں کی قوم کے طور پر بھی جانا جاتا ہے اور ان نوجوانوں کو میڈیکل، انجینئرنگ، سول سروسز اور دیگر پیشوں کے علاوہ سیاست کو بھی ایک آپشن کے طور پر سوچنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایماندار، نظم و ضبط اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے پاس بہتر طریقے سے قوم کی خدمت کرنے کے بہتر مواقع ہیں۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ گزشتہ تقریباً 10 سالوں میں ہندوستان نے پی ایم مودی کی قابل قیادت میں ہر شعبے میں قابل ذکر ترقی دیکھی ہے جنہوں نے ملک کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سی اسکیمیں شروع کیں۔کھٹانہ نے مزید کہا کہ اسٹارٹ اپس، اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے قرض کی سہولیات وغیرہ سب ملک کے نوجوانوں کو روزگار اور بااختیار بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو سیاست میں شامل ہونا چاہیے اور ہمارے پی ایم مودی جی کی طرح بصیرت اور دور اندیش لیڈر بننا چاہیے۔رکن پارلیمان نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور نشہ کی لت سے دوری برقرار رکھنی چاہیے جو ملک کو خراب کر رہی ہے۔