ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی:پولیس
ایم شفیع رضوی
کٹھوعہ؍؍جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ایک مسجد کی کھڑکیوں کے شیشے کو نقصان پہنچا کر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے ہفتہ کو بتایا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتاری مسجد کے امام عبداللطیف کی جانب سے لکھن پور پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی تحریری شکایت کے بعد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ عبداللطیف نے جمعہ کو شکایت درج کرائی کہ کچھ نامعلوم افراد مسجد میں داخل ہوئے اور اس کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور صحن میں بیٹری اور انورٹر پھینک دیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور کٹھوعہ کے ایس ایس پی شیودیپ سنگھ جموال کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سبھاش چندر کی قیادت میں ٹیم نے تکنیکی نگرانی کی مدد سے اس واقعہ میں ملوث دونوں افراد کو کامیابی سے گرفتار کر لیا۔مزید تفتیش جاری ہے، ترجمان نے یقین دلایا کہ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وہیںنوجوان سماجی کارکن و بی جے پی ایس ٹی مورچہ کے یوٹی نائب صدر چوہدری محمد شریف جنگل نے واقع کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات جو اپسی بھائی چارے کو نقصان پہنچانے والے ہیں انہیں کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا اور ساتھ ہی موصوف نے پولیس کی جانب کی جانے والی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لکھن پور پولیس مبارکباد کی مستحق ہے جس نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مجرموں کو گرفتار کیا اور لکھن پور کٹھوعہ کے اپسی بھائی چارے کو خراب ہونے سے بچا لیا ۔چوہدری محمد شریف جنگل نے ہندو مسلم برادری کے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپسی بھائی چارے کو ہمیشہ برقرار بنائے رکھیں ۔شرارتی عناصر کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہ ہونے دیں ۔لکھن پور کٹھوعہ خاص طور پر جموں کشمیر میں صدیوں سے سب مذاہب کے لوگ آپس میں اتفاق اتحاد سے رہتے آئے ہیں جو اپنے آپ میں ایک مثال ہے ۔جموں کشمیر کی عوام نے ہمیشہ آپسی بھائی چارے پر اعتماد رکھا ہے اور رکھیں گے سماج دشمن شرارتی عناصر کو کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا ہے جموں کشمیر کی عوام نے ہمیشہ سماج دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے ہی کیوں نہ ہوں ۔