کشمیر میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری

0
0

لداخ شاہراہ اور مغل روڑ پر ٹریفک کی آمدورفت بدستور معطل
افتخارحسین شاہ/یواین آئی

جموں؍؍سری نگر؍؍وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا جبکہ میدانی علاقوں میں ہفتہ کو شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں غیرمعمولی گراوٹ دیکھی گئی۔ تاہم وادی میں گذشتہ رات صرف شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خطہ کے بالائی علاقوں میں گذشتہ رات رواں موسم کی پہلی برف باری ہوئی جس کا سلسلہ ہفتہ کو وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ برف باری کے سبب 434 کلو میٹر طویل سری نگر لیہہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی جبکہ تاریخی مغل روڑ پر گاڑیوں کی آواجاہی جمعہ کی دوپہر سے بدستور معطل ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ریاست کے چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے۔ ریاست میں خطہ لداخ کا لیہہ بدستور سرد ترین مقام بنا ہوا ہے جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسرے مقام پر اسی خطہ کا کرگل بنا ہوا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں وقفہ وقفہ سے برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا ’اوپری بلندیوں پر برف باری کا سلسلہ تین دنوں سے جاری ہے۔ لیکن میدانی حصے میں برف باری کا سلسلہ جمعہ کے روز سے وقفہ وقفہ سے جاری ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ گلمرگ کے میدانی حصے میں کئی انچ برف کھڑی ہوگئی ہے اور یہاں آنے والے سیاح شدید سردی کے باوجود گرتی ہوئی برف کا مزہ لینے میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے ہفتہ کی صبح سے جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے سری نگر میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 2 اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ وہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی صفر اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم پہلگام کے بالائی حصوں بشمول چندن واڑی، شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ اور پنج ترنی میں درمیانہ درجے کی برف باری ہوئی ہے۔ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی ہفتہ کی صبح تازہ برف باری ہوئی ہے۔ امرناتھ یاترا کے بال تل بیس کیمپ میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ سونہ مرگ، زوجیلا، مین مرگ اور دراس میں تازہ برف باری کے سبب سری نگر لیہہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔ اس کے علاوہ برف باری کے سبب 86 کلو میٹر طویل تاریخی مغل روڑ جو کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو جموں خطہ کے راجوری و پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑتا ہے، پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعہ کی دوپہر سے معطل ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا