تین ماہ کا بقیہ مائیگرینٹ راشن واگذار کرنے کی مانگ
ؒلازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی کشمیری پنڈت ڈس پلیسڈ فورم کے ممبران نے سومناتھ دھر کی قیادت میں جنرل سیکریٹری وجے بقایہ سے پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کشمیری مائیگرینٹ پنڈتوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو موصوف کی نوٹس میں لاتے ہوئے بتایاکہ پچھلے تین ماہ سے اْنہیں راشن نہیں دیاجارہا ہے اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر اْنہیں ہراساں کیاجارہاہے۔ انہوں نے انتخابی فہرست سے نام غائب ہونے کی بھی شکایت کی۔انہوں نے حق رائے دہی سے محروم کئے جانے پر اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریلیف کمشنرز دفتر اِس میں تصحیح نہیں کر رہا۔ وجے بقایہ نے فورم ممبران کو سننے کے بعد کہاکہ انتظامیہ بار بار راشن کی تقسیم کاری میں خلل ڈال رہی ہے اور اِس معاملہ میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پرزور دیاکہ راشن تقسیم کاری عمل میں جو مشکلات ہیں، کو دور کر کے اِس نظام کو بہتر بنایاجائے۔ انہوں نے فوری طور بقیہ راشن کی واگذاری کا مطالبہ کیا۔بقایہ نے کہاکہ ایم فارم نظام ختم کرنے کے بعد زیادہ سے زیادہ مائیگرینٹ کشمیری پنڈت بطورووٹرز خود کا اندراج کرانا چاہتے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ اہل ووٹروں کے لئے طریقہ کار کو آسان بنایاجائے۔انہوں نے اْمیدظاہر کی کہ سال2019کی ووٹر لسٹ میں تصحیح کی جائے گی اور سبھی اہل اْمیدواروں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیاجائے۔ اس مقصد کے لئے اْنہوں نے خصوصی کیمپ منعقد کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ وفد میں سومناتھ دھر، ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ ابہ بقایہ، نائب صدر ضلع جموں اربن وائی بہو مٹو، ویشال زوتشی، وویک سپرو، ونود کول، دیوارکاناتھ، وریندر کمار منٹو، بملا کماری ، اشوک بھٹ وغیرہ شامل تھے۔