کشمیری زبان کے نامور شاعر پروفیسر رحمان راہی کی پہلی برسی

0
0

شعرائ،ادباء اور قلمکاروں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ کشمیری زبان کے معروف شاعر اور گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ پروفیسر رحمان راہی کی پہلی برسی پر ڈاکٹر رفیق مسعودی،عبدالرحمان فدا اور معروف براڈکاسٹر شمشاد کرالواری سمیت سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے مرحوم کی ادبی خدمات کو یاد کر کے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کے معروف شاعر، مصنف،نقاد، ترجمہ کار اور گیان پیٹھ انعام یافتہ پروفیسر عبدلرحمان راہی کی پہلی برسی پر شاعروں، ادیبوں اور قلمکاروں نے یاد کر کے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق ایڈیشنل جنرل دوردرشن سرینگر اور کلچرل اکاڈمی کے سابق سیکریٹری ڈاکٹر رفیق مسعودی جو کہ ادبی مرکز کمراز کے موجودہ سرپرست اعلیٰ بھی ہے۔ انہوں نے مرحوم پروفیسر رحمان راہی کو ان کی پہلی برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیری زبان کو فروغ دینے کیلئے جو خدمات انجام دئے ہیں انہیں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔اپنے ایک پیغام میں ڈاکٹر رفیق مسعودی نے مرحوم کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اور کشمیری زبان اس بلند پایہ سپوت کو رہتی دنیا تک یاد کرتی رہی گی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا جو مشن تھا کشمیری زبان کو ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانا ہم پر بھی ذمہ داری ہے کہ انکے اس مشن کو آگے لیں یہی ان کو بہترین خراج عقیدت ہوگا۔اس دوران وادی کے نامور شاعر، ادیب، قلمکار عبدالرحمان فدا نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنے جداگانہ شاعرانہ، اسلوب سے کشمیری زبان کے ساتھ ساتھ کشمیری قوم کو ایک اعلیٰ مقام دلانے میں ایک اہم رول ادا کیا کیونکہ کسی قوم کی پہچان اس قوم سے وابستہ عظیم شخصیات کی بدولت ہوتی ہے تو اس اعتبار سے رحمان راہی کو یاد کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔ان کی ذات ایک تحریک ہے ایک قوم ہے ایک ملت کا نام ہے۔اردو انگریزی فارسی علوم پر کافی دسترس ہونے کے باوجود انہوں نے شاعری کیلئے اپنی مادری زبان کو ہی ترجیح دی جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔ ادھر وادی کے معروف براڈکاسٹر شمشاد کرالواری نے مرحوم پروفیسر رحمان راہی کو برسی پر یاد کرکے مرحوم کی خدمات کو کافی سراہا۔انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جس قدر کشمیر ی زبان کی خدمات کی ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا