جموں، // جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں دو ولیج ڈیفنس محافظوں کے قتل کے بعد علاقے میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ادھر ذرائع کے مطابق علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آروں کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔
مقتول دفاعی محافظوں نذیر احمد اور کلدیپ کمار کی لاشیں جمعہ کے روز اوہلی کنٹوارہ گاؤں میں ان کی رہائش گاہوں پر لائی گئیں۔بتادیں کہ کشتواڑ کے دورافتادہ علاقے منجولہ میں جمعرات کی شب ملی ٹینٹوں نے مبینہ طور پر دو ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جی) کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا ہے۔فوج کی نائٹ وائٹ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے جمعہ کے روز علاقے کا دورہ کیا اور وہاں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دیگر سیاسی جماعتوں نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔