اسمرتی نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد پر سوال اٹھائے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کو لے کر کانگریس پارٹی پرسوال اٹھائے اور جواب طلب کیا۔آج یہاں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں محترمہ ایرانی نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے دونوں پارٹیوں کے اس اتحاد کے بارے میں کانگریس پارٹی اور اس کے لیڈر راہل گاندھی سے کچھ سوالات پوچھے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ سوال بی جے پی کے ہر کارکن سمیت ملک کے عوام کا ہے اور کانگریس سے جواب کی توقع ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد نے قوم کو ‘اقتدار کے لالچ’ کے طور پر بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے داخلی سلامتی، قومی عزت اورجموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ جمہوری ڈھانچے میں انصاف دلایا ہے جبکہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ جموں و کشمیر سمیت ملک کے عوام کو کانگریس پارٹی ان سوالوں کے جواب ضرور دے گی۔