موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ؛سرحدی سیکورٹی کے اہم پہلوئوں کے متعلق جانکاری حاصل کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نتن اگروال نے جموں بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بی ایس ایف جموں فرنٹئر کا دورہ کیا۔اس دوران بی ایس ایف مغربی کمان کے ایس ڈی جی وائی بی کھورانیہ، بی ایس ایف جموں کے آئی جی ڈی کے بورا اور دیگر سینئروں افسروں نے ڈی جی کے ساتھ موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران آئی جی بی ایس ایف جموں نے موصوف ڈی جی بی ایس ایف کو سرحدی سیکورٹی کے اہم پہلوئوں کے متعلق جانکاری فراہم کی۔ڈی جی بی ایس ایف نے فوج کے سینئر افسروں، جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سینٹرل مسلح پولیس فورسز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں بھی شرکت کی۔
بی ایس ایف جموں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ڈی جی بی ایس ایف شری نتن اگروال نے 20 اور 21 جولائی کو بی ایس ایف جموں کا دورہ کیا اور ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں شرکت کی’۔انہوں نے کہا کہ موصوف ڈی جی نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ بھی ملاقات کی۔پوسٹ میں کہا گیا کہ دورے کے دوران ڈی جی بی ایس ایف کو فیلڈ کمانڈروں نے آپریشنل پہلوئوں کے بارے میں بریفنگ دی۔مسٹر گروال نے اس موقع پر فوجی جوانوں کی لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی سراہنا کی۔