لازوال ڈیسک
جموں؍؍ آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی/ایس ٹی/او بی سی تنظیموں کے ایک اکائی ڈی او ایم (دلت، او بی سی، مائنارٹی ) نے جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے رمیش بدھوری کی فوری برطرفی کا مطالبہ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے کیا۔وہیں ڈی او ایم نے کہاکہ پارلیمنٹ سے رکن پارلیمنٹ اور اپنے ساتھی رکن دانش علی کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے پر ان کی گرفتاری بھی کی جانی چاہئے۔ اس موقع پرریاستی صدر ڈی او ایم آر کے کلسوترا نے کہا کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں اس طرح کے نازیبا الفاظ کبھی کسی رکن پارلیمنٹ نے ساتھی رکن کے خلاف استعمال نہیں کیے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ رمیش بدھوری نے پارلیمنٹ کی شبیہ/آئین کی سنجیدگی اور اقدار کو ایک نئی پستی پر پہنچا دیا ہے اور ڈاکٹر ہرش وردھن اور روی شنکر پرساد سابق وزراء کی ہنسی بھیانک اور شرمناک حرکت ہے۔کلسوترا نے مزید کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے کہا تھا کہ ’’آئین کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو، اگر اسے نافذ کرنے والے اچھے نہیں ہیں تو وہ برا ثابت ہوگا۔‘‘اور یہ بیان اس شرمناک واقعے کے ذریعے سچ ثابت ہوا۔اس دوران ڈی او ایم کے لیڈران نے رکن پارلیمان بدھوری کی پارلیمنٹ سے برطرفی کا زور دار مطالبہ کیا۔