تمام اسکولوں آنگن واڑی سینٹروں اور دیگر مقامات پر کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو چیک کرنے کی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری نے ایس-ایس-پی یوگل منہاس کے ہمراہ آج ضلعی لیول ایڈوایزری کمیٹی کی میٹنگ کی سربراہی انجام دیتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء اور بالخصوص تعلیمی اداروں و آنگن واڑی سینٹروں میں بچوں کو دی جانے والی خوراک کا معیار اچھا اور بہتر ہو تاکہ مستقبل میں سبھی کو بیماریوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جاسکے۔
اس میٹنگ کے دوران تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران جن میں فوڈ سیفٹی اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود ،فوڈ سیفٹی انسپکٹر ظفر اقبال،فوڈ سیفٹی انسپکٹررئیس احمد ملک،ایگریکلچر آفیسر راکیش شرما،چیف ایجوکیشن آفیسر بشمبھر داس کے باشمول پروگرام آفیسر آئی-سی-ڈی-ایس و دیگران بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہدری نے پچھلے کچھ دنوں سے چل رہی محکمہ فوڈ سیفٹی کی چیکنگ مہم کا بھی ذکر کرتے ہوئے جہاں انکے کام کو سراہا تاہم مزید انہیں یہ احکامات بھی جاری کئے ہیں کہ وہ بازار کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ ہر آنگن واڑی سینٹر اور بالخصوص سرکاری اسکولوں میں بھی پہونچیں تاکہ یہاں بچوں کو دی جانے والی خوراک اور اسکے معیار کو چیک کیا جاسکے اسکے علاوہ انہوں نے چیف ایجوکیشن آفیسر اور پروگرام آفیسر کو بھی یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر اسکول اور آنگن واڑی سینٹروں میں بچوں کو دی جانے والی خوراک کا معیار اعلی اور بہتر ہو تاکہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔