سید محمد الطاف بخاری نے متعدد علاقوں کا پیدل دورہ کیا اور عوامی مسائل و شکایات کا جائزہ لیا
لوگوں سے جموں کشمیر کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی پارٹی کا ساتھ دینے کی اپیل کی
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے آج سرینگر کے چھانہ پورہ حلقہ انتخاب میں ایک وسیع علاقے کا پیدل دورہ کیا، جس کے دوران اْنہوں نے جگہ جگہ باشندگان سے بات چیت کی اور اْنہیں درپیش مسائل کی جانکاری حاصل کی۔کئی گھنٹوں پر محیط اس دورے کے دوران اپنی پارٹی کے سربراہ نے لوگوں کی شکایات کو بغور سْنا۔ اس موقعے پر اْن کے ہمراہ پارٹی کے کئی سینئر لیڈران اور چھانہ پورہ حلقے سے تعلق رکھنے والے کارکنان کی ایک بڑی تعداد تھی۔وہیں رام باغ، نٹی پورہ اور چھانہ پورہ میں کئی مقامات پر مقامی باشندگان اور پارٹی کارکنان نے اْن کا والہانہ استقبال کیا اور اْن کے حق میں نعرے بلند کئے۔اس دوران لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے اْنہیں یقین دلایا کہ جب اپنی پارٹی کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہو گا تو وہ ان کے مسائل کو حل کرنے اور اس انتخابی حلقے کو تعمیر و ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں کوئی وقت ضائع نہیں کرے گی۔
وہیںدورے کے دوران مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے، سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’روایتی سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کے برعکس، اپنی پارٹی سیاست سچ اور ایمانداری پر قائم ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے وعدہ بند ہیں کہ ہم اپنے سیاسی فائدے کیلئے کبھی بھی عوام کو جھوٹے وعدوں اور گمراہ کن نعروں سے بہلانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ہمیشہ جذباتی نعرے بلند کرنے یا جھوٹے وعدے کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ ہم صرف وہی وعدے کرتے ہیں، جنہیں پورا کرنے کا ہمیں خود یقین ہے۔ جب ہم کہتے ہیں کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے، تو ہمیں یقین ہے کہ ہم ایسا کرکے دکھائیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اپنی پارٹی کے پاس تجربہ کار لیڈروں کی ایک ٹیم ہے جو موجودہ منظر نامے کو بہتر کرنے کی خواہش اور صلاحیت دونوں رکھتی ہے۔ ہم جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘انہوں نے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ روایتی جماعتوں اور ان کے قائدین کے گمراہ کن نعروں کا شکار نہ ہوں، سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ’’عقلمند انسان بار بار دھوکے نہیں کھاتے ہیں۔ پچھلی سات دہائیوں کے دوران، روایتی پارٹیوں نے آپ کو ’رائے شماری‘، ’اٹانومی‘ اور ’سیلف رول‘ جیسے گمراہ کن نعروں سے بہلایا۔ یہ جماعتیں اور ان کے لیڈران ہمیشہ اپنے اقتدار کے حصول اور اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کیلئے آپ کو جذباتی نعروں سے بہلاتے رہے ہیں۔ اب تک وہ ا?پ سے یہ کہہ کر ووٹ مانگتے رہے کہ وہ 370 اور 35 اے جیسی ا?ئینی دفعات کی حفاظت کریں گے۔ اب چونکہ یہ دفعات منسوخ ہو چکی ہیں، یہ خود ساختہ لیڈران اب آپ کے پاس آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس بار وہ ان منسوخ شدہ دفعات کو بحال کرنے کا ایک اور جھوٹا وعدہ لے کر آرہے ہیں تاکہ وہ آپ کے ووٹ بٹور سکیں۔ لیکن اب کی بار آپ ان کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ اپنے ووٹ کو سمجھداری سے استعمال کریں۔‘‘انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ ’’اپنی پارٹی کے ساتھ دیں تاکہ یہ جماعت اپنے عوام دوست ایجنڈے کو نافذ کر سکے۔‘‘اس دورے کے دوران پارٹی صدر کے ساتھ جو سرکردہ پارٹی لیڈران تھے، ان میں پارٹی کے ریاستی کنوینر حاجی پرویز احمد بٹ، چھانہ پورہ حلقہ انتخاب کے پارٹی انچارج محمد اشرف ڈار، پارٹی کے سینئر لیڈر اور وائس چیئرمین ڈی ڈی سی سرینگر بلال احمد بٹ، نائب ضلع صدر اعجاز احمد، اور دیگر لیڈران شامل تھے۔