پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ ( حیدرآباد )کی جانب سے تقسیم اسکالرشپ کا کامیاب انعقاد

0
0

از خواجہ کوٹر حیات ۔

اورنگ آباد (دکن ) دور حاضر میں تعلیم کی اہمیت اور اس کی حصول یابی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے ۔ بہترین معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لئے زیور تعلیم سے آراستہ ہونا بہت ضروری ہے ۔ اس مقصد کو مزید آسان بنانے کے لئے پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ ، حیدرآباد ( تلنگانہ) کی جانب سے محترم ڈاکٹر متین الدین قادری صاحب کی صدارت میں تقسیم اسکالرشپ کا نظم شروع کیا گیا ہے ۔ جس میں فعال و سرگرم نوجوانوں کی ٹیم شامل ہے۔اس ٹرسٹ کے تحت ہر سال طلباء کو تعلیم کے لئے اسکالرشپ دی جاتی ہے جس سے تقریباً ہر سال لگ بھگ دوسو طلباء استفادہ کرکے سیکنڈری تعلیم اور اعلی تعلیم میں سہولت حاصل کرتے ہیں ۔ یہ اسکالرشپ گلبرگہ ، کرناٹک ، حیدرآباد ( تلنگانہ) ، بھوپال، امبہ جوگائی ، بیڑ ضلع میں دی جارہی ہے ۔ اس سال شہر اورنگ آباد کے طلباء کے لئے بھی پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے غریب طلباء کو اسکالرشپ کا نظم کیا گیا جس کے لئے اردو و انگریزی مدارس کے تقریباً تیس طلباء کا انتخاب عمل میں آیا ۔
قلب شہر میں واقع عالمگیر ہال میں بتاریخ 1؍ اکتوبر 2023 کو منعقدہ پروگرام کی شروعات عبیداللہ مصطفی الخیری نے تلاوت کلام سے کی ۔ بعدازاں حمدیہ کلام کا نذرانہ ننھی طالبہ عائشہ زرنین نے اپنی مترنم آواز میں پیش کیا ۔ نعتیہ کلام عبداللہ دانش نے اداکیا ۔ محترم ڈاکٹر مخدوم فاروقی صاحب پرنسپل ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار ویمن کی صدارت میں تقسیم اسکالرشپ کا پروگرام عمل میں آیا ۔ کوآرڈینیٹر خواجہ کوثر حیات نے مہمانان کا تعارف پیش کیا ۔ مہمانان کے استقبال کے بعد پروفیسر سلیم محی الدین صاحب نے افتتاحی کلمات میں پیوپل ویلفیئر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ ،حیدر آبادکے اس احسن اقدام کی ستائش کرتے ہوے محترم ڈاکٹر متین الدین قادری صاحب اور ان کی ٹیم کے کاوشوں کو سراہا اور تعلیم کے میدان میں اس مثبت اقدام پر مبارکباد پیش کی ۔ اسٹیج پر مہمانان میں ڈاکٹر محمد متین الدین قادری صاحب ، مرزا یوسف بیگ صاحب ، پروفیسر سلیم محی الدین صاحب ،ڈاکٹر ابوبکر سالم باوزیر ، محمد معز انجینئر ، ڈاکٹر موسی قادری اور سید اطہر احمد موجود تھے ۔ آغاز میں پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے نوجوان و فعال رکن عماد الدین قادری نے پر جوش انداز میں آج نوجوانوں کے روزمرہ کے معمولات اور لاپرواہی پر فکر انگیزی ظاہر کرتے ہوئے اقبال کے اشعار کو زندگی کا شعار بنانے کا مشورہ دیا ۔ طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ایک اچھا مقصد کا تعین کرے اور اس پر جانفشانی سے پیرا ہوجائے جو کامیابی کی ضامن ہے ۔
ڈاکٹر موسی قادری نے طلباء اور سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے تعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور آج کے حالات میں تعلیم سے بہرہ ور ہونے کی اہمیت کو واضح کیا اور کڑی محنت اور خلوص سے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی ۔ جناب محمد معز انجینیئر نے پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے اغراض ومقاصد پیش کرتے ہوئے اس کی شروعات ، مقصد ، نوجوان ممبران کے بے لوث ٹیم ورک اور معاشرہ کے تئیں ان کی کی جانے والی کوشش جو اسکالرشپ تقسیم کے ذریعے عملی طور پر جاری ہے اس پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آئندہ اس مقصد پر مزید کام کرنے کا اظہار کیا ۔
ٹرسٹ کے نائب صدر محترم مرزا یوسف بیگ صاحب نے اپنی مخاطبت میں مختلف واقعات کو پیش کرکے زندگی کو بامقصد بنانے کے طریقے دلچسپ اور پر اثر انداز میں بیان کیے ۔ محترم ڈاکٹر متین الدین قادری صاحب نے اسکالرشپ کے لئے اعلان کیا کہ اس سال تیس طلباء کا انتخاب عمل میں آیا ہے جسے وہ ہر سال جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے اہل ثروت اور ملت کے خیرخواہی رکھنے والے معززین سے بھی گذارش کی کہ وہ بھی اس کا حصہ بنے جن کے تعاون سے مزید تیس طلبا کو اسکالرشپ سے فیضیاب کیا جاسکے ۔ ڈاکٹر متین الدین قادری صاحب نے پروگرام کے بہترین نظم پر اورنگ آباد کی ٹیم کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور اس سلسلے کو مزید تقویت عطا کرنے کی اللہ تعالیٰ سے دعا کی ۔
طلباء کو مہمانان کے ہاتھوں سے اسکالرشپ کی رقم نقد دی گئی ۔ صدارتی خطبہ میں محترم ڈاکٹر مخدوم فاروقی صاحب نے بچوں کو دعائیہ کلمات سے نوازتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ڈرنے اور اللہ تعالیٰ کے پسند کیے گئے کاموں کو کرنے اور روکے گیے کاموں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی ۔ سرپرستوں کو مخاطب کرتے ہوئے بچوں کی زندگی کو صحیح خطوط پر کاربند کرنے اور ان کے اخلاق اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی درخواست کی ۔ پیوپل ویلفئیر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے اس اقدام پر تحسین افزا کلمات کا اظہار کیا ۔ شکریہ کے کلمات خواجہ نورالصبا نے پیش کیے جس میں مہمانان خصوصی ، صدر جلسہ ، شرکا عمائدین شہر اور سرپرست اور طلباء کا شکریہ ادا کیا ۔ عالی جناب مولانا عبدالرشید مدنی صاحب کی پر اثر دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مصطفیٰ الخیری صاحب نے اپنے منفرد انداز میں انجام دیے اور پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔ معززین میں جناب جمیل احمد خاں صاحب ، فواد خان صاحب ، عرفان سوداگر صاحب ، خان افروز صاحب ،خان پرویز صاحب ، احمد اورنگ آبادی و دیگر اہل علم و دانش اور طلباء و سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھیں ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا