ضلع راجوری کے سی ڈی پی پلان میں دھاندلیاں، عوامی منشاء کو نظرانداز کیا گیا،تحقیقات کامطالبہ
عمرارشدملک
راجوری؍؍ضلع راجوری میں سال 2023 کے سی ڈی پی پلان کو ترتیب دیا گیا ہے جو کہ عوامی منشاء کے مخالف ہے کیونکہ اس پلان میں ان تعمیری کاموں کو رکھا گیا ہے جو کہ پہلے سے ہی تعمیر شدہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی پی کے پلان میں دھادلیاں کی گئی ہیں اور ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کو سی ڈی پی کا کوٹا دے کر محکمہ آر ڈی ڈی نے ضرورت مندوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے کیونکہ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی نے اپنے کپیکس کے پلان میں بھی ہمیشہ اپنے حمایتوں اور منطور نظر لوگوں کو ہی ترجیح دی ہے۔ذرائع کے مطابق سی ڈی پی کا پلان ہمیشہ بلاک سطح پر ضرورت مندوں کی منشاء کے مطابق ترتیب دیا جاتا رہا ہے اور اس سال یعنی 2023 کے پلان میں آر ڈی ڈی نے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کو شامل کیا جس وجہ سے عام لوگوں کی منشاء کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ متعدد لوگوں نے کمشنر سیکرٹری آر ڈی ڈی سے اپیل کی ہے کہ سی ڈی پی کے پلان کو فوری منسوخ کیا جائے اور عوام کی منشاء کے مطابق پلان ترتیب کرے کیونکہ گزشتہ سالوں سے کپیکس کے پلان میں بھی ضرورت مندوں کو نظرانداز کیا گیا ہے اور ان لوگوں کو ترجیح دی گئی ہے جو ڈی ڈی سی، بی ڈی سی اور سرپنچوں کے قریبی تھے۔