یواین آئی
جموں؍؍پولیس نے جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ سے لاپتہ ہونے والی دو بہنوں کو پنجاب سے بازیاب کیا ہے اور اس سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پونچھ کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی لاپتہ بہنوں کی ماں نے 26 اکتوبر کو ایک شکایت درج کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کی دو بیٹیاں گھر سے قریب ایک ماہ سے لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر ایس ایس پی پونچھ اس کیس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے مختلف علاقوں میں لاپتہ بہنوں کی تلاش کے لئے چھاپے مارے اور آخر کار دونوں بہنوں کو پنجاب کے آنند پور صاحب علاقے سے بر آمد کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت انیل کمار ساکن سندر بنی راجوری، منیش کمار ساکن جموں، لو جیت سنگھ اور رام جیت سنگھ ساکنان پنجاب کے بطور ہوئی ہے۔