یواین آئی
سری نگر؍سری نگر پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر میں ایک طالب علم کے ذریعہ ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے۔پولیس نے لوگوں سے افواہیں پھیلانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔
بتادیں کہ جی ایم سی سری نگر کے ایک غیر مقامی طالب علم نے بدھ کے روز مبینہ طور پر ایک قابل اعتراض پوسٹ کیا تھا جس پر طلبا نے احتجاج درج کیا۔کالج حکام نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں اور طالب علم کو معطل کیا ہے۔سری نگر پولیس نے جمعرات کو اس ضمن میں ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘پولیس نے جی ایم سی سری نگر کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘جی ایم سی سری نگر انتظامیہ کی طرف سے کمیونکیشن موصول ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن کرن نگر میں آئی پی سی کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 13/24 درج کیا گیا ہے’۔پولیس نے ایک اور پوسٹ میں لوگوں سے افواہیں اور بے بنیاد معلومات پھیلانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے پوسٹ میں کہا: ‘لوگوں کو سماج دشمن عناصر کے بے بنیاد پروپگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہئے’۔پوسٹ میں کہا گیا کہ اشتعال انگیز حرکات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی انجام دی جائے گی’۔