آستان عالیہ پر ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے نعتیہ مشاعرہ منعقد
تنہا ایاز
پلوامہ؍؍ پنگلگام سنگوناربل پلوامہ میں حضرت رحمان صاحب قلندرؒ کا سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔مختلف علاقوں سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں نے آستان عالیہ پر حاضری دی۔ اس موقع پر ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے ایک نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوا جس میں کئی شعراء نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ میں حضرت رحمان صاحب قلندرؒکا سالانہ عرس مبارک نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلے میں بدھ کے روز عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے پنگلگام سنگوناربل میں ان کے آستانہ عالیہ پر حاضری دی۔ ندائے کشمیر کے نمائندے آفتاب وانی نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دن بھر حضرت رحمان صاحب قلندرؒ کے آستان عالیہ پر درود و اذکار ،نعت خوانی اور خطمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔اس موقع پر ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے ایک نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک ادریس،غلام محمد جنگلناری ،یوسف دلدار،سہرش نْور،شاکر فاروق،جہانگیر ایاز ہالی،عبدالرحمٰن فدا،شمس سلیم،نثار حسین نثار،سکندر ارشاد،فیاض دلگیر،رفیقہ منگہامی،تاج النساء اور شاہ وسیم نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ تقریب کا آغاز تلات کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت یوسف دلدار کو حاصل ہوئی جبکہ غلام محمد جنگلناڑی نے نعت رسول مقبول پیش کیا۔ نظامت کے فرائض جہانگیر ایاز ہالی نے انجام دئے۔