یہ ایوارڈ جرمن کے پروفیسر عارف نقوی کے توسط سے دیا گیا،عرفان عارف نے بطور امانت ان تک پہنچایا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍پروفیسر قدوس جاوید سابق صدر شعبۂ اردو کشمیر یو نی ورسٹی کو چودھری چرن سنگھ یونی ورسٹی میرٹھ میں منعقدہ پا نچ روزہ انٹرنیشنل سیمینار میں فکشن تنقید میں ان کی خدمات کے حوالے سے منظر کاظمی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔یہ ایوارڈ جرمن کے پروفیسر عارف نقوی کے توسط سے دیا گیا۔گو پی چند نارنگ ، شمس الرحمن فاروقی ، حامدی کاشمیری اور پروفیسر عتیق اللہ کے بعد پروفیسر قدوس جاوید کو سب سے اہم معاصر نقاد تسلیم کیا جاتا ہے۔یا د رہے کہ یہ انٹر نیشنل سیمینار چودھری چرن سنگھ یونی ورسٹی کے شعبہ اردو نے اتر پردیش اردو اکادمی لکھنو ، بین الاقوامی نسائی تنظیم (بنات) اوربین الاقوامی نوجوان اردو اسکالرزانجمن( آیو سا) کے اشتراک سے پانچ روزہ بین الاقوامی کثیر لسانی نوجوان اردو اسکالرس فسٹیول (اردو ، ہندی ، انگریزی ، سنسکرت ، فارسی)بعنوان ’’ اردو ادبی صحافت ‘‘ 28 اکتوبر تا یکم نومبر 2022ء پروفیسر اسلم جمشید پوری کی سرپرستی میںمنعقد کیا تھا۔ اس پا نچ روزہ عالمی سیمینار میں کل 14 سیشن ہوئے تھے۔ جس میں آرٹ گیلری ، کتب میلہ، محفل ِ افسانہ ، شام ِ غزل ، میجک شو، ڈراما ، عالمی مشاعرہ کے ساتھ ساتھ ہندی ، انگریزی ، سنسکرت اور فارسی کے سیشن کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ناساز صحت کی بنا پر قدوس جاوید سیمینار میں شرکت نہ کر سکے تھے جس کی وجہ سے ان کا ایوارڈ عرفان عارف نے بطور امانت ان تک پہنچایا۔