چیف سیکرٹری نے آنے والے اسمبلی اِنتخابات کیلئے سیکورٹی اور دیگر اِنتظامات کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج یہاں جموںوکشمیر یوٹی میں اسمبلی اِنتخابات کے پُر امن اِنعقاد کے لئے کئے گئے سیکورٹی اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سول اِنتظامیہ اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ اَفسران کی میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ڈِی جی پولیس اور پرنسپل سیکرٹری داخلہ کے علاوہ ایس پی ایل کے ڈی جی پی ، ایس پی ایل ڈی جی کرائم، اے ڈی جی پیز،صوبائی کمشنران کشمیر و جموں، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، آئی جی پی جموں و کشمیر، ٹرانسپورٹ کمشنر، ڈی آئی جیز، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ آئوٹ سٹیشن اَفسروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔
اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفرادپر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں درکار سی اے پی ایف کی اِضافی کمپنیوں کے لئے مضبوط اِنتظامات کریں۔اُنہوں نے ان سیکورٹی فورسز کو کیمپ لگانے کے لئے قابل عمل مقامات کی نشاندہی کرنے کو کہا جو پانی ، بجلی ، بیت الخلأ اور دیگر جیسی بنیادی سہولیات کے لحاظ سے قابل عمل ہیں۔
اَتل ڈولونے اِنتظامیہ کو اِنتخاب لڑنے والے اُمیدواروں کی سیکورٹی اور رہائش کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔اُنہوں نے کہاکہ ایسے محفوظ اَفراد کے لئے مناسب اِنتظامات کے ساتھ ان کی اِنتخابی مہم کے لئے دیگر ضروریات بھی کی جائیں۔اُنہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ پر زور دیا کہ وہ متعلقہ اَضلاع کے ساتھ مل کر پیشگی روڈ میپ تیار کریں تاکہ پولنگ عملہ، سیکورٹی فورسز اور دیگر اِنتخابی سامان کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے مطلوبہ تعداد میں بسیں، ایل ایم وِی اور ایچ ایم وِی دستیاب ہوں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ صوبائی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ان سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور جگہوں کا تعین ، ضروری مرمت ، اگر کوئی ہو تو پولنگ کی اَصل تاریخوں سے پہلے کریں ۔
اُنہوں نے ہدایت دی کہ اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رِپورٹ پیش کی جائے۔مزید برآں، چیف سیکرٹری نے متعلقہ صوبائی کمشنروں،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے ان کی تیاریوں اور ضروریات کو پورا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں تاکہ یہ جمہوری عمل عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کے ساتھ نہایت خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔