پاکستان نے چین کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی

0
0

چنئی،// پاکستان نے ایشین چیمپئنز ٹرافی 2023 میں اپنی مہم کا اختتام جمعہ کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں چین کو 6-1 سے شکست دے کر جیت کے ساتھ کیا۔
میئر رادھا کرشنن اسٹیڈیم میں پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان (11ویں، 12ویں منٹ) اور محمد عماد (10ویں، 52ویں منٹ) نے دو دو گول کیے جبکہ عبدالشاہد (15ویں منٹ) اور عبدالرانا (55ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔ چین کی جانب سے تسلی بخش گول چن بینہائی نے 35ویں منٹ میں کیا۔
سفیان اور عماد نے پہلے کوارٹر میں چار گول کر کے پاکستان کی جیت کا راستہ آسان کر دیا۔ پاکستانی فارورڈ لائن نے چینی دفاع پر حملے جاری رکھے جبکہ سفیان اور عماد نے دباؤ بناکر حاصل کئے گئے پنالٹی کارنروں کو بھنانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔
عماد نے اپنا پہلا گول 10ویں منٹ میں احتشام اسلم کی مدد سے کیا۔ احتشام نے دائیں جانب سے گیند کو گول کی طرف کھیلا۔ چینی ڈیفنڈر کائیو وانگ نے گیند کو روکنے کی کوشش کی لیکن محمد عماد نے عین وقت پر گیند کو جال میں دھکیل دیا۔
سفیان نے اپنی ڈریگ فلک کا استعمال کرتے ہوئے اگلے دو منٹ میں مزید دو گول داغے۔ کوارٹر کے آخری لمحات میں رانا نے گیند عماد کو دے دی جو چائنیز سرکل کے بائیں جانب کھڑے تھے۔ عماد نے مہارت سے گیند کو شاہد تک پہنچایا اور گول کے عین سامنے کھڑے شاہد نے پاکستان کا اسکور 4-0 کر دیا۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا تاہم اس دوران چین نے اپنے سرکل میں دفاع پر توجہ مرکوز رکھی اور ہاف ٹائم تک اسکور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ چین نے تیسرے کوارٹر میں زیادہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ چین نے کئی مواقع پر پاکستانی ہاف میں گیند پاس کر کے مخالف ٹیم پر دباؤ بنایا۔ 35ویں منٹ میں چین نے سرکل کے اندر سفیان کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پنالٹی کارنر حاصل کیا جسے چن نے گول میں بدل دیا۔
تاہم یہ میچ میں چین کا واحد گول ثابت ہوا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل چانگلیانگ لن نے گیند کو دائیں طرف سے کھیلا اور چن کو گول کرنے کا موقع فراہم کیا لیکن ان کے فضائی شاٹ کو ریفری نے درست قرار نہیں دیا۔
پاکستان نے آخر کار 52 ویں منٹ میں چین کی لے کو توڑتے ہوئے پنالٹی کارنر حاصل کیا جسے عماد نے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ چار گول کی برتری دلائی۔ تین منٹ بعد رانا نے سرکل میں دو چینی ڈیفنڈروں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کا چھٹا اور آخری گول کر کے اسے 6-1 کر دیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا