’پارٹی ہائی کمانڈ کا فیصلہ سر آنکھوں پر‘

0
179

جموں ریاسی پارلیمانی نشست بی جے پی ریکارڈ مارجن سے جیتے گی: رویندر رینا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے سنیچر کے روز کہاکہ ادھم پور پارلیمانی نشست پر بھارتیہ جنتاپارٹی کے امیدوار کی جیت یقینی ہے کیونکہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک امیدوار کھڑا نہ کرنے کا سوال ہے تو میں یہ بتادینا چاہتا ہوں کہ چناوی حکمت عملی کے تحت ہی پارٹی ہائی کمانڈنے جنوبی کشمیر سے امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رینا نے کٹھوعہ-ادھم پور-ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ میں بڑے پیمانے پر ٹرن آؤٹ کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی جموں-ریاسی پارلیمانی سیٹ پر ریکارڈ مارجن سے جیتے گی۔رویندر رینا، صدر، بھارتیہ جنتا پارٹی، جموں و کشمیر، پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کر رہے تھے۔اس موقع پر سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، سابق وزیر ست شرما، سابق ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیا اور آفس سکریٹری تلک راج گپتا بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ ادھم پور ڈوڈہ پارلیمانی سیٹ پر ریکارڈ توڑ ووٹنگ ہوئی ہے اور ہمیں جو اطلاع مل رہی ہے اس کے تحت بی جے پی امیدو ار نے جیت حاصل کی ہے۔رویندر رینا نے کہاکہ جہاں تک اننت ناگ راجوری پارلیمانی سیٹ کا تعلق ہے تو بی جے پی یہاں سب سے طاقتور سیاسی جماعت ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا تنظیمی نیٹ ورک کافی مضبوط ہے ، ہم جنوبی کشمیر میں اپنا امیدوار کھڑا کرنے کے حوالے سے تیاری کر رہے تھے تاہم پارٹی ہائی کمانڈ کا فیصلہ سر آنکھوں پر۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی ہائی کمانڈنے اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر ایک ایسا لائحہ عمل بنایا جس کے تحت اس امیدوار کی جیت کو یقینی بنایا جائے گا جو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگا۔
عمر عبداللہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر رویندر رینا نے کہاکہ این سی نائب صدر کی پارٹی وادی میں ہارہی ہے لہذا وہ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی میں امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ ایک چناوی حکمت عملی کے تحت ہی کیا گیا۔
وہیں رویندر رینا نے اس موقع پر 19 اپریل کو ادھم پور-ڈوڈہ- کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کے لیے بڑے پیمانے پر ووٹ ڈالنے کے لیے تمام ووٹروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دن خراب موسم کے باوجود تمام اضلاع میں لوگوں نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ سخت موسم میں اتنی بڑی پولنگ ووٹرز کے عزم کو ثابت کرتی ہے، جنہوں نے 70 فیصد سے زائد ووٹ ڈالے۔تمام دور دراز علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان تمام علاقوں کے لوگوں نے پولنگ میں پرجوش شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں نے بڑے پیمانے پر بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا ہے اور پارٹی ان تمام علاقوں میں آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے کارکنوں نے اس پرجوش ردعمل کے لیے لگن سے کام کیا ہے اور کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور پارٹی عوام اور زمینی کارکنوں کی یکساں طور پر شکر گزار ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ میں 26 اپریل کو ہونے والی آئندہ پولنگ میں تمام علاقوں سے، چاہے وہ دیہی ہو یا شہری، بی جے پی کے حق میں ایک زبردست لہر ہے اور پارٹی اس پارلیمانی حلقے میں ریکارڈ فتح کے فرق سے اسکور کرے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا