بارکونسل آف انڈیانے بنائی5رکنی کمیٹی،20اپریل کوجموں اورکٹھوعہ کوکرے گی دورہ
بارایسوسی ایشن جموں کوہڑتال ختم کرنے کی ہدایت،قصورواروکلاء کیخلاف ہوگی سخت کارروائی:منن مشرا
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍بار کونسل آف انڈیا نے واضح کردیا ہے کہ کھٹوعہ اور جموں کے وکلاء کی جانب سے آصفہ کیس کے سلسلے میں ہڑتال کرنے اور چارج شیٹ کو داخل نہ کرنے کا بار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بار کونسل کے مطابق کمیٹی میں شامل ممبران 20اپریل کو جموں اور کٹھوعہ جائینگے اور آزادانہ جانچ کے بعد سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ بار کونسل نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران پایا گیا کہ وکلاء نے غیر ضروری طور پر ہڑتال کی تو اُن کے لائسنس منسوخ کرنے کو خارج ا زامکان قرار نہیں دیاجاسکتا ہے۔ نئی دہلی میں بار کونسل آف انڈیا کے ممبران نے ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آصفہ معاملے پر کٹھوعہ اور جموں بار ایسو سی ایشن کی جانب سے ہڑتال کرنے کا کونسل سے سخت نوٹس لیا ہے۔ بار کونسل کے ممبر منن مشرا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سابق چیف جسٹس ترون اگروال کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 20اپریل کو جموں اور کٹھوعہ جائے گی اور اس سلسلے میں مکمل تحقیقات کرئے گی۔ بار کونسل کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی جموں اور کٹھوعہ کے وکلاء سے بھی اس ضمن میں بات کرئے گی اور آزادانہ جانچ کے بعد رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرئے گی۔ بار کونسل آف انڈیا کے ممبران نے بتایا کہ اگر آزادانہ تحقیقات کے دوران پایا گیا کہ وکلاء نے غیر قانونی طورپر ہڑتال کی تھی تو اُن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی یہاں تک کہ لائسنس منسوخ کرنے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے چیف جسٹس نے کٹھوعہ اور جموں کے وکلاء کی جانب سے آصفہ قتل کیس کے سلسلے میں ہڑتال کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بار کونسل آف انڈیا کو اس ضمن میں 20اپریل تک رپورٹ پیش کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں