کہاآج ہم نہ صرف عالمی ترقی میں حصہ اَدا کررہے ہیں بلکہ اَپنی معاشی ترقی کو بھی تیز کر رہے ہیں
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج نئی دہلی میں اِنجینئرنگ ایکسپورٹ پروموشن کونسل آف انڈیا( اِی اِی پی سی اِنڈیا)نیشنل ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کیا اور مالی برس 2019-20 ء اور 2020-21 ء کے لئے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مُبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنرنے اَپنے خطاب میں 52 ویں اور 53 ویںاِی اِی پی سی اِنڈیا نیشنل ایکسپورٹ ایوارڈز کے ایوارڈ یافتگان کو مُبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ ان کی کامیابیاں آنے والے برسوں میں اِنجینئرنگ کے سامان کی برآمد میں دیرپا کارکردگی کے لئے دوسروں کو ترغیب دیں گی۔اُنہوں نے کہا، ’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کو ایک عالمی مقام حاصل ہے اور آج ہم نہ صرف عالمی ترقی میں اَپنا حصہ کر رہے ہیں بلکہ اَپنی اِقتصادی ترقی کو بھی تیز کر رہے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ برآمدی نمومیں اہم شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر ’اِنجینئرنگ گڈز‘ کا ابھرنا اور گذشتہ برس کے مقابلے میں اس کی 7.2 فیصد ترقی ہمارے متحرک کاروباریوں اور اِی اِی پی سی اِنڈیا کی انتھک کوششوں کو ظاہر کرتی ہے جس کا مقصد ’’میک اِن انڈیا‘‘کو فروغ دینا اور دُنیا بھر میں اَپنی صلاحیت قائم کرنا ہے۔اُنہوں نے ایوارڈ تقریب میںجموں کشمیر میں کاروبار اور صنعتی شعبے کی بے پناہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں کا اِشتراک کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میں صنعت کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جموں اور سری نگر جیسے ہمارے شہروں میں ہونے والی شہری تبدیلی کا تجربہ کریں اور جموں و کشمیریوٹی میں سرمایہ کاری کریں۔ یہ قوم کے اِتحاد کو مضبوط کرنے میں بھی آپ کا تعاون ہوگا ۔ میںیوٹی اِنتظامیہ کی طرف سے ہرسپوٹ اور مدد کا یقین دلاتا ہوں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اَب ہمارے پاس سازگار ماحول،رابطہ کاری، نوجوان ٹیلنٹ، بہتر سیکورٹی منظر نامہ اور صنعتی ترقی کے لئے تمام بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’جموں کشمیر سرمایہ کاروں کومضبوط منافع بخش ترقی میں لامتناہی امکانات اورشراکت داری کی پیشکش کر رہا ہے۔ اگر آپ بڑی تصویر کو دیکھ رہے ہیں تو جموں کشمیر آپ کی نئی منزل ہے۔‘‘اُنہوں نے صنعتی رہنماؤں، اِی اِی پی سی اِنڈیا اور دیگرشراکت داروں سے اِنجینئرنگ گڈز اور خدمات میں کاروبار کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا جامع ویژن نہ صرف خوشحالی لائے گا بلکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ نئی ٹیکنالوجی ، اختراعات کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں حصہ اَدا کریں اور’وِکست بھارت‘ کے لئے مساوی اور دیرپا ترقی پر بھی توجہ مرکوز کریں۔اُنہوں نے کہا کہ مجھے ہندوستان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے انجینئرنگ سیکٹر کی صلاحیت کے بارے میں مکمل اعتماد ہے۔اِس موقعہ پر چیئرمین اِی اِی پی سی اِنڈیا ارون کما گارودیا،وائس چیئرمیں اِی اِی پی سی اِنڈیا پنکج چڈھا، ریجنل چیئرمین نادرن ریجن اِی اِی پی سی اِنڈیا پردیپ کمار اَگروال،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سورنجن گپتا اور اِی اِی پی سی اِنڈیا کے دیگر اَراکین ، صنعتی رہنما اور برآمد کنندگان موجود تھے۔