نئی دہلی، // وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کی قیادت میں اراکین پارلیمنٹ نے آج نیتا جی سبھاش چندر بوس کےیوم پیدائش کے موقع پر ایوانِ دستور کےسینٹرل ہال میں نصب ان کی تصویر پر پھول چڑھائے اس موقع پر مرکزی وزراء، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، اراکین پارلیمنٹ اور سابق اراکین پارلیمنٹ نے بھی نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی نے بھی نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نوجوان شرکاء نے پارلیمنٹری ڈیموکریسی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (پرائڈ) کے زیر اہتمام ‘اپنے لیڈروں کو جانیں’ پروگرام کے تحت نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
بہت سے نوجوانوں نے جدوجہد آزادی میں نیتا جی کے اہم رول پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کی زندگی کے متاثر کن نظریات کو یاد کیا۔
اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر اوم برلا نے قوم کی تعمیر میں نیتا جی کے تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس ہندوستان کی ہمت و جرات اور تحریک کی حقیقی علامت ہیں جنہوں نے اپنی ہمت اور تنظیمی طاقت سے ہندوستانی جدوجہد آزادی کو نئی طاقت دی۔ مسٹر برلا نے مزید کہا کہ نیتا جی نے ملک کی نوجوان طاقت کو اپنی قائدانہ طاقت کے ساتھ نامساعد حالات میں منظم کیا، جس نے نوآبادیاتی حکومت کو ایک سنگین چیلنج پیش کیا۔
آئین ساز اسمبلی کے سینٹرل ہال کے بارے میں بات کرتے ہوئےمسٹر برلا نے کہا کہ سینٹرل ہال میں آئین کو نیتا جی کے نظریات کے مطابق بنایا گیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس جیسے عظیم انسانوں کی تحریک نوجوانوں کے لیے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں قرارداد سے کامیابی تک کی راہ ہموار کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیتا جی کا راستہ ہمت و جرات کا راستہ اور جدوجہد کے ذریعے تبدیلی لانے کا راستہ تھا۔ آج کے ہندوستان کو نیتا جی کے نظریات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر برلا نے یقین ظاہر کیا کہ ہندوستانی نوجوان اپنی محنت، اختراع، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور ہندوستان کے مضبوط مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔ نوجوانوں کو ترغیب دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے ویژن کو پورا کرنا ہے۔