یو ایل بی انتخابات میں اقتدار میں آنے پر پراپرٹی ٹیکس واپس لیں گے: رتن لال
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے صوبائی صدر جموں رتن لال گپتا نے یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ نیشنل کانفرنس لوگوں کو بدعنوانی سے پاک حکمرانی فراہم کرے گی اور لوگوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی طرف سے ان پر ڈالے گئے مصائب سے نجات دلائے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر نیشنل کانفرنس، جموں و کشمیر میںیو ایل بی کے آئندہ انتخابات میں اقتدار میں آئے تو پراپرٹی ٹیکس واپس لے گی ۔ان باتوں کا اظہار رتن لال گپتا، این سی کے صوبائی صدر جموں نے آج یہاں شیر کشمیر بھون جموں میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) جموں اربن کی کور کمیٹی کے اجلاس سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کی کور کمیٹی کی آج کی میٹنگ ایک فول پروف نتیجہ پر مبنی حکمت عملی اپناتے ہوئے آنے والے اربن لوکل باڈیز (یو ایل بی) کے انتخابات کی تیاری کے لیے منعقد ہوئی۔وہیںرتن لال گپتا نے زور دے کر کہا کہ اگر عوام نے نیشنل کانفرنس کو ووٹ دیا تو یہ جموں کے لوگوں کو نہ صرف بدعنوانی سے پاک حکمرانی فراہم کرے گی بلکہ پراپرٹی ٹیکس کو بھی واپس لے لے گی۔