فلم کے مصنف اور ہدایت کار بلونت ٹھاکر نے فلم کی تیاری کے بارے میں تفصیلاً جانکاری فراہم کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍نٹرنگ جموں نے مہاراجہ گلاب سنگھ میموریل ٹرسٹ کے اشتراک سے ایم اے ایم کالج جموں میں بائیوپک فلم ’گلاب گاتھا‘ کے دو شوز کی نمائش کی۔ اس موقع پرکالج کے انچارج پرنسپل پروفیسر نیرج شرما مہمان خصوصی تھے۔ وہیںفلم کے مصنف اور ہدایت کار بلونت ٹھاکر نے اپنے خطاب میں فلم ’ گلاب گاتھا ‘ کی تیاری کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور ’گلاب گاتھا‘ فلم کی تیاری کے پورے عمل کے جمالیاتی اور تکنیکی دونوں پہلوؤں کو شیئر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے لیے یہ کسی بھی فیچر یا دستاویزی فلم کی طرح نہیں تھا بلکہ ہندوستان کی سب سے بڑی شاہی ریاست بنانے میں ڈوگروں کی قربانیوں اور ان کے تعاون کے بارے میں نسلوں کو روشناس کرانے کا ایک بڑا مشن تھا۔ اس موقع پر انہوں نے مہاراجہ گلاب سنگھ میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر کرن سنگھ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اس فلم کی تیاری اور ہدایت کاری کا موقع فراہم کیا۔واضح رہے گلاب گاتھا مہاراجہ گلاب سنگھ میموریل ٹرسٹ اور نٹرنگ جموں کی پیداوار ہے۔اس دوران پروفیسر نیرج شرما نے نٹرنگ، مہاراجہ گلاب سنگھ میموریل ٹرسٹ اور بلونت ٹھاکر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کالج کے طلباء کو ان کے شاندار ماضی کے بارے میں جاننے کا ایک نادر موقع فراہم کیا۔واضح رہے نٹرنگ اس وقت پورے جموں صوبے میں پچاس شوز کا ایک سلسلہ دکھا رہا ہے۔