کہاپانچ نئے اضلاع کے قیام سے ان پہاڑی علاقوں کے انتظامی مسائل حل ہوں گے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبے کو ایک نیا رخ دیتے ہوئے صوبے میں پانچ نئے اضلاع بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری ترون چگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکز نے ملک بھر میں کئی اہم انتظامی اصلاحات کی ہیں، اور اسی تسلسل میں جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں کے لیے بھی یہ اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
چگ نے خاص طور پر نو شہرہ، کالاکوٹ۔ سندر بنی سمیت پانچ نئے اضلاع کے قیام سے ان پہاڑی علاقوں کے انتظامی مسائل حل ہوں گے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے جموں و کشمیر میں انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے ہر کونے، خصوصاً پہاڑی علاقوں، کو ترقی کی راہ پرگامزن کیاجائیگا۔
ترون چگ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی’’ڈبل انجن سرکار‘‘بننے کے بعد یہ وعدہ پورا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت مرکز اور ریاستی سطح پر مربوط حکمت عملی کے ذریعے علاقے کو ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کرے گی۔ چگ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ترقی کا یہ نیا باب شروع کیا جا سکے اور جموں و کشمیر کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔یہ اعلان بی جے پی کی جانب سے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک واضح پیغام ہے کہ پارٹی نہ صرف صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہے بلکہ انتظامی اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔