ایک مشترکہ ادارے کا قیام ناگزیر:سید علی گیلانی
یواین آئی
سری نگر؍؍بزرگ علیحدگی پسند راہنماو حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے عیدالاضحی کے مقدس موقعے پر اپنے عید پیغام میں کشمیری عوام اور عالم اسلام کے ساتھ ساتھ عالمی انسانی برادری کے لیے امن وامان کی زندگی نصیب ہونے اور قتل وغارت سے نجات پانے کی دعا کی ہے۔ بزرگ راہنما نے عالم اسلام کے اندر فلسطین سے لے کر کشمیر تک سبھی خطوں یا ممالک میں موجودہ انتشاری کیفیت کا ازالہ کرنے کے لیے ایک مربوط لائحۂ عمل وضع کئے جانے کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ اندرونی محاذ پر اپنی صفیں درست رکھتے ہوئے نوجوان نسل کے اندر قرآنی تعلیمات کی روشنی میں سیاست، معیشت اور معاشرت کی تعمیر کرنے کے رحجان میں آئے روز اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حریت راہنما نے ایسی نوجوان نسل کی شرعی راہنمائی کے لیے پورے عالم اسلام میں ایک مشترکہ ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ ہماری نوجوان نسل کو اسلام کے بتائے ہوئے سیدھے راستے سے بھٹکنے سے بچایا جاسکے۔ مسٹر گیلانی نے کشمیر، فلسطین، یمن، شام، عراق، افغانستان میں بقول اُن کے استعماری اور سامراجی قوتوں کی طرف سے آئے روز انسانی جانوں کے اتلاف پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ہر معصوم انسان کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دے کر ہر فرد کو حقِ زندگی عطا کرتا ہے اوراپنے عقیدے کو کسی بھی شخص پر جبراً ٹھونسنے سے منع کرتا ہے۔ اسلام کے عادلانہ نظام کے تحت اقلیتی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے جان ومال اور عزت کا تحفظ فراہم کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔ حریت راہنما نے امید ظاہر کی کہ دنیا بھر کے حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مقدس گھر کے سامنے عاجزی اور انکساری کے ساتھ پوری دنیا میں امت مسلمہ کو قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی دُعا مانگیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب پر رحم فرمائے۔