تنویر پونچھی
پونچھ؍؍حالیہ بلاک ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے نظیر حسین نے آج بانڈی چیچیاں میں اپنے دفتر کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر وہاں بڑی تعداد میں سرپنچوں و پنچوں نے شرکت کی اور انہیں بلاک چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔اس موقع پر چوہدری عبدالغنی ،سرپنچ پنچایت قصبہ اپر ،محمد جمیل نائب سرپنچ اسلام آباد، ریاض نون سرپنچ شاہپور کے علاوہ کئی دیگر پنچایتوں کے سرپنچوں نے بھی شرکت کی جبکہ عوام کی بھی ایک بڑی تعداد وہاں پر موجود رہی۔ بی ڈی سی چیئرمین نظیر حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک ہی نظریہ ہے اور وہ ہے اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی جس کے لیے وہ ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے اور اگر تعمیر و ترقی کے کسی کام کے لیے انہیں دلی میں وزیر اعظم ہاؤس تک کا سفر بھی کرنا پڑا تو وہ کریں گے ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وہ بارڈر کے قریب رہائش پزیر لوگ جن کو شیلنگ کے دوران نقصانات بھی اٹھانا پڑتے ہیں ‘کی سہولیات کے لیے بھی موثر انداز میں کام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح بھاری اکثریت میں پنچوں و سرپنچوں نے اپنے قیمتی ووٹ ان کے حق میں دے کر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کیا اس کے لیے وہ ان پنچوں و سرپنچوں کے شکر گزار رہیں گے اور اولین ترجیحات میں ان لوگوں کے ترقیاتی کام انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہ کرا کے انہیں بطور تحفہ پیش کریں گے۔