لازوال ڈیسک
جموںمنتہائے فکر عالمی شعری ادارہ اس سے قبل آٹھ طرحی و غیر طرحی کامیاب مشاعرے منعقد کروا چکا ہے اور بزم نے زمینی سطح پر پہلے کامیاب اور یادگار پروگرام کا انعقاد کروایا۔ یہ نشست اردو دنیا کے معروف و مشہور اور نامور ادیب و شاعر پرتپال سنگھ بیتاب کے اعزاز میں ان کے دولت کدے ترکوٹہ نگر جموں پر منعقد ہوئی۔ جس میں مہمان خصوصی محترم پرتپال سنگھ بیتاب تھے اور اس پروگرام کی صدارت خورشید بسمل نے فرمائی۔جبکہ سجاد پونچھی، اقبال شال ،عرفان عارف ، ڈاکٹر علمدار عدم کے علاوہ منتہائے فکر ادارے کے بانی ذوالفقار نقوی اس پروگرام میں شامل تھے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر علمدار عدم نے انجام دیئے۔ پروگرام کے آغازمیں ذوالفقار نقوی نے منتہائے فکر عالمی شعری ادارے کی اب تک سرگرمیوں کا احاطہ کیا اور مہمان خصوصی پرتپال سنگھ بیتاب کی اردو کے حوالے سے خدمات پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں شرکاءمحفل نے پرتپال سنگھ بیتاب سے اردو ادب کے حوالے سے سوالات کئے، اور ان کے معاصرین شعرا و ادبا سے لیکے آج تک کے ادبی منظر نامے پر مفصل اور سیر حاصل گفتگو کی۔ پروگرام منتہائے فکر کے فیس بک پیج پر لائیو دیا گیا جسے سینکڑوں ناظرین نے دیکھا اور دوران گفتگو مہمان خصوصی پرتپال سنگھ بیتاب سے سوال بھی پوچھے جن کے انہوں نے اطمینان بخش جوابات دیے۔ایک گھنٹے سے زائد اس مفصل ادبی گفتگو کے بعد نماز کا وقفہ ہوا۔ جس کے بعد دوسری نشست منعقد ہوئی جس میں شریک محفل شعرا کرام نے اپنے اپنے کلام سے نوازا۔پروگرام کے اختتام میں صدرِ محفل خورشید بسمل نے منتہائے فکر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ منتہائے فکر ایسی ادبی سرگرمیاں جاری رکھے۔