ممبئی 21اکتوبر(یواین آئی)مہاراشٹراسمبلی الیکشن میں رائے دہندگان کی عدم دلچسپی صاف نظرآئی ہے اور محض55فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ،اور اس کے ساتھ وزیراعلیٰ دیویندرفڈنویس ،سابق وزراءاعلیٰ پرتھوی راج چوان اور اشوک چوان سمیت سینکڑوںامیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم مشینوں میں بند ہوگیا ہے ،جمعرات کو نتائج سامنے آئیں گے جبکہ ایکزٹ پول میں شیوسینا بی جے پی اتحاد کی شاندار کامیابی دکھائی جارہی ہے۔ممبئی میں ہمیشہ کی طرح پولنگ کا فیصد کم رہا ہے ۔ممبئی سمیت مہاراشٹر میں بارش کا بھی ووٹنگ فیصد پر اثر ہوا ہے۔ممبئی سمیت قریبی علاقوںمیں واقع مسلم اکثریتی حلقوںمیں بھی بہتر زیادہ جوش وخروش نظرنہیں آیا عروس البلاد ممبئی سمیت مہاراشٹر کے 288 کے اسمبلی حلقوں میں آج صبح سات بجے سے پولنگ کا آغاز ہوا۔شہر میں رات دیر گئے سے ہلکی بارش کی وجہ سے موسم خوش گوار ہوگیا تھا۔ریاست میں 3237امیدواروں میں سے 235خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔