امراُجالا کے تعاون سے پنچایت گھو برہمنہ بلاک رام گڑھ، سانبہ میں ایک روزہ کارڈیک بیداری و صحت چیک اپ کیمپ کا انعقاد کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں اور آنے والے موسم سرما کے پیش نظر کارڈیالوجی جی ایم سی ایچ جموں کے ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف کارڈیالوجی جموں ڈاکٹر سشیل شرما نے امراُجالا کے تعاون سے پنچایت گھو برہمنہ بلاک رام گڑھ، سانبہ میں ایک روزہ کارڈیک بیداری و صحت چیک اپ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پردل کی بیماریوں پر سردیوں کے موسم کے اثرات کو کم کرنے اور بیماری اور اموات کو کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وہیں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر سشیل نے کہا کہ دل کی بیماریاں دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی وی ڈی کی وجہ سے بیماری اور اموات میں موسمی تغیر شمالی اور جنوبی نصف کرہ دونوں میں نوٹ کیا گیا ہے، موسم گرما کے مقابلے موسم سرما کے دوران واقعات کی شرح زیادہ ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ یہ تغیر متعدد خطرے والے عوامل سے منسلک ہے، جیسے درجہ حرارت، جسمانی سرگرمی، فضائی آلودگی، انفیکشن اور کھانے کی عادات شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سی وی ڈی کی موسمی تغیرات وبائی امراض کے اعداد و شمار سے بالکل واضح طور پر ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو صحت مند غذائی عادات کو برقرار رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جس میں وٹامن ڈی سے بھرپور غذائیت اور کم چکنائی کا استعمال شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جن لوگوں کو سردیوں میں دل کا دورہ پڑنے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے ان میں دل کے مسائل کی سابقہ تاریخ کے حامل افراد، جن کو پہلے دل کا دورہ پڑ چکا ہے، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول والے، تمباکو نوشی کرنے والے اور زیادہ شراب پینے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو سرد موسم میں ہارٹ اٹیک پر قابو پانے کا مشورہ دیا۔وہیں علاقے کے سرکردہ ممبران رام پال شرما (سرپنچ)، مکیش شرما، پرشوتم سنگھ، شمشیر سنگھ، ستپال شرما، رجنی شرما اور وکاس شرما نے اپنے علاقے میں کارڈیک بیداری کم ہیلتھ چیک اپ کیمپ کے انعقاد کے لیے ڈاکٹر سشیل اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔