1987کی چناوی دھاندلیوں نے کشمیرکودہشت گردی کے دلدل میں جھونکا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بھارتیہ جنتاپارٹی نے جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کے لئے نیشنل کانفرنس ۔کانگریس کوذمہ دارٹھہراتے ہوئے کہاکہ 1987کے اسمبلی انتخابات کی دھاندلیوں نے جنت نماجموں وکشمیرکوجہنم میں دھکیل دیاتاہم 2014کے بعد مرکزمیں نریندرمودی سرکارآنے کے بعد دہشت گردی اورعلیحدگی پسندی کے خلاف صفربرداشت والی پالیسی اپناتے ہوئے جہدمسلسل سے 5اگست2019کو تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے آج جموں وکشمیرکوامن وامان، ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کیاہے اوربھاجپاکی جموں وکشمیرمیں ڈبل انجن سرکاردہشت گردی کامکمل صفایاکرے گی۔
https://jkbjp.in/
تفصیلات کے مطابق پردیش بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (آر)راکیش شرمانے آج یہاں الیکشن میڈیاسینٹر میں کیپٹن بھاناسنگھ (پرم ویرچکر) ،کیپٹن سورن سنگھ (ویر چکر)اور پارٹی کے میڈیا انچارج ڈاکٹرپردیپ مہوتراکے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہمارے بیچ ویروں کے ویر پرم ویر کیپٹن بھاناسنگھ پرم ویر چکرا ہمارے بیچ حاضر ہیں، کیپٹن بھاناسنگھ ایک ’لیونگ لیجنڈ ‘ہیں ان پربھارت کوفخرہے۔اُنہوں نے کہاکہ 1987میں سیاچن گلیشیئر پرقائد اعظم پوسٹ کو قبضہ کیاجہاں کیپٹن (ر)بھاناسنگھ منفی47ڈگری کے درجہ حراست میں گئے اور اس چوٹی پرقبضہ کیاجبکہ ہمارے درمیان موجود کیپٹن (ر)سورن سنگھ (ویر چکر)ہیں جنہوں نے بہادری کی کہانیاں لکھی ہیں اورانہیں سری لنکامیں ویر چکرسے نوازاگیا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)راکیش شرمانے کہاکہ جموں وکشمیردہشت گردی اور علیحدگی پسندی سے جھلس رہاتھااورجنت کوجہنم بنادیاگیاتھایہاں 50ہزار سے زیادہ ہلاکتیںہوئیں ، پتھربازی،ہڑتال اورقتل وغارت عام تھی۔اُنہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں دہشت گردی1987میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے بڑے پیمانے پرچناوی دھاندلیوں سے شروع ہوئی جب نیشنل کانفرنس نے بدترین چناوی دھاندلی کرتے ہوئے 8سے10فیصد ووٹنگ سے اپنی سرکاربنائی۔اُنہوں نے کہاکہ اس چنگاری کوآگ کاکام کرتے ہوئے اس جماعت نے مرکزکی کانگریس کے ساتھ مل کرجموں وکشمیرکو1990تک ایسی تباہی کے دہانے پرپہنچادیاکہ یہاں ہرطرف دہشت وخوف کاماحول بن گیا۔اُنہوں نے کہا کہ پہلے 1947میں شیخ عبداللہ نے کشمیرچھوڑوتحریک کاآغازکیاجسے اُن کے بعد1987و1990میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آگے بڑھاتے ہوئے کشمیرمیں کشمیری پنڈتوں کاجینامحال کردیاوراُنہیں جبری ہجرت کرناپڑی۔
اُنہوں نے کہاکہ کئی چیدہ چیدہ کشمیری پنڈتوں کاخونِ ناحق بہایاگیا جن میں ٹیکالال ٹپلو ،نیل کانتھ گنجو اور گرجا ٹیکو جیسے نام شامل ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ مرکزمیں یوپی اے سرکارتھی جس کی قیادت کانگریس کررہی تھی اور جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کی سرکارتھی جنہوں نے دھیرے دھیرے ایساماحول بنایاکیوں کہ نیشنل کانفرنس علیحدگی پسندوں کے دم پرحکومت بناکراُسی سوچ کو آگے بڑھارہی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)راکیش شرمانے کہاکہ جموں وکشمیرمیں کانگریس دورکے بدترین حالات کاخلاصہ ازخود تب کے مرکزی وزیرداخلہ وسینئر کانگریس لیڈر سشیل کمار شندے نے اپنے تازہ بیان سے کیاہے جس میں اُنہوں نے کہاکہ وہ لال چوک اور ڈل جھیل جانے سے ڈرتے تھے۔اُنہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو پشت پناہی نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے حاصل ہوئی اور کشمیری پنڈتوں کو نکلناپڑا لیکن 2014میں مرکزمیں مودی سرکارآئی اور دہشت گردی وعلیحدگی پسندی کے خلاف صفر برداشت پالیسی اپنائی گئی اور اس جہدمسلسل کوآگے بڑھاتے ہوئے5اگست2019کو دفعہ370کاخاتمہ کرتے ہوئے مودی سرکار نے دہشت گردی کی کمرتوڑ دی۔اُنہوں نے کہا’’370جانے کے بعد کاماحول اورپہلے کے ماحول میں زمین آسمان کافرق آیاہے‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس۔ کانگریس والے کہتے ہیں کہ بھاجپا دہشت گردی کو روکنے میں ناکام ہوئی ہے ،اُنہیں حقائق سے نظریں نہ چراتے ہوئے 2018سے پہلے کے حالات اوراب کے بدلائوکاجائزہ لیناچاہئے۔ اُنہوں نے کہاکہ دہشت گردی ، عام شہریوں کی ہلاکتوں، پتھربازی اور ہڑتالوں کے واقعات میں70فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے جوحقائق سرکاری طورپردستیاب ہیں اورنیشنل کانفرنس اورکانگریس کوان سے منہ نہ موڑتے ہوئے بدلے ہوئے حالات کااعتراف کرناچاہئے جوسابقہ وزیرداخلہ سشیل کمارشندے نے بخوبی کیاہے۔
اُنہوں نے کہا’’ سلامتی صورتحال بدل گئی ہے،جملے کسنے کے بجائے حقائق کااعتراف کریں،جموں وکشمیرآج دہشت گردی کی اپنی شبیہ سے اُبھرکر دُنیاکے ایک اہم سیاحتی مرکز کے طورپر پہچاناجاتاہے جہاں2کروڑ سیاح آئے ہیں جبکہ ویشنودیوی95لاکھ یاتری آئے اورکشمیرمیں جی20اجلاس کشمیرمیں منعقد ہواجویہاں کے امن وسکون والے حالات کاعکاس ہے۔اُنہوں نے کہا’’عام شہری خوش ہے وہ روٹی ،کپڑا، مکان چاہتاہے،نیشنل کانفرنس اورکانگریس انہیں بہکاوے میں لاکراپنی سیاست چمکاناچاہتی ہیں‘‘۔اُنہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں لوک سبھاچنائو میں جمہوریت کاجشن منایاگیا ،بڑھ چڑھ کر چناوی مہم اور پولنگ58سے60فیصد تک ہوئی، راہول گاندھی کی ایکتا یاترا امن سے چلی اور لال چوک میں جہاں سابق وزیرداخلہ ڈرتے تھے اورآج راہول گاندھی بلاخوف لال چوک میں آئیس کریم کھاتے ہیں اور یہ سب ہماری موجودہ حکومت مودی کے کارن ہواہے۔
اُنہوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے سنکلپ پترپرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے سنکلپ پتر2024میں اولین ترجیح دہشت گردی کے مکمل صفایا کرنے کودی گئی ہے اوریہ عزم دہرایاگیاہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کردیاجائیگا۔اُنہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کے بیج بونے اورجنت کوجہنم بنانے کیلئے کون لوگ ذمہ دارہیں اُن کیلئے آئندہ بھاجپاحکومت ایک وائٹ پیپرجاری کرے گی اورقصورواروں کوکیفرکردارتک پہنچائے گی اورمظلوموں کوانصاف مہیاکرائے گی۔اس کے لئے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کئے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہاکہ جموں سے روہنگیائوںکواوربنگلہ دیشیوں کو باہرنکالیں گے اوران کی کالونیوں پرہم کارروائی کریں گے۔اُنہوں نے ان کالونیوں کو امن وسلامتی کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ سنجواں کنٹونمنٹ پردومرتبہ حملہ ہوااور یہ روہنگیاکالونیوں کے بیچ میں ہواہم انہیں یہاں نہ رہنے دیں گے۔اُنہوں نے کہا’’آتنک واد کو ختم کرنے کے لئے ہم سرحدی حفاظتی فورسز کو مضبوط بنائیں گے، جموں صوبہ میں سراُٹھاتی دہشت گردی کاسرکچل دیں گے‘‘۔ اُنہوں نے مزیدکہا’’کوئی بھی دہشت گردوں کا ہمدرد یہاں نہیں رہے گا،وی ڈی جیز کو ہم اورمضبوط بنائیں گے،ایس پی اوز کو ہم تنخواہ بڑھائیں گے‘‘۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)راکیش شرمانے جموں وکشمیرپولیس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی خدمات وقربانیوں کوناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرپولیس کے اہلکاروں کو فوج کی طرز پر رسک الائونس ملے گا۔اُنہوں نے مزیدکہاکہ سرحدی علاقوں کو ترقی دی جائے گی۔سرحدی علاقوں میں بہترسڑک رابطہ اوردیگر بنیادی ڈھانچے کو ترقی دیتے ہوئے سیاحت کوفروغ دیا جائیگا تاکہ سرحدی مکینوں کامعیارِ حیات بلندہوسکے۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں آباد بستیوں کی جان ومال کی حفاظت کویقینی بنانے کے لئے مزیدبنکروں کی تعمیر اور کسی ہنگامی صورت میں انہیں چوکس کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظام متعارف کرایاجائیگا۔اُنہوں نے کہاکہ جن زمینداروں کی زمینیں تاربندی میں آئی ہیںانہیں زمینوں کا مناسب معاوضہ ملے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر)راکیش شرمانے کہاکہ مودی سرکارنے پچھلے10برسوں میں سابقہ فوجیوں کے لئے بہت کام کئے ہیں جن میں نیشنل وارمیموریل کاقیام قابل ذکر ہے جبکہ ون رینک ون پنشن کولاگو کیاگیا جوایک تاریخی قدم ہے۔اُنہوں نے کہاکہ مودی سرکارآنے کے بعد فوج کااعتماد بڑھاہے کیونکہ انہیں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لئے مکمل آزادی دی گئی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اوڑی حملے کاجواب اوربالاکوٹ سرجیکل سٹرائک فوج کو کھلے ہاتھ دینے کی مودی حکومت کی پالیسی کانتیجہ تھا جس کے بعد فوج کاحوصلہ بڑھا۔اُنہوں نے لداخ میں چینی فوج کے ساتھ جیسے بھارتی فوج نے دودوہاتھ کئے اُسے فوج کاحوصلہ بلندہوا۔
اُنہوں نے کہاکہ مودی دورمیں جموں وکشمیرمیں سابقہ فوجیوں کے لئے بہت سارے فلاحی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جن میں جو شہید کو پانچ لاکھ ملتے تھے اب 25لاکھ کیاگیاہے جبکہ بہادری کانقد انعام بھی بڑھایاگیاہے۔اُنہوں نے کہا’’مودی سرکارنے سنکلپ پترمیں سابقہ فوجیوں اور اگنی ویروں کو سرکاری وپولیس ملازمتوں میں20فیصد ریزرویشن ملے گی اور اگنی ویروں کامستقبل روشن ہوگا‘‘۔ اُنہوں نے کہاکہ فوجیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک اور اہم قدم ضلع سینک ویلفیئر بورڈ کے ہرضلع میں دفترقائم کرنابھاجپاسنکلپ پترکاوعدہ ہے۔اُنہوں نے کہاکہ ہرضلع میں سینک کالونی بنائیں گے کیونکہ سابقہ حکومتوں نے یہ دیرینہ مطالبہ ٹھنڈے بستے میں ڈال رکھا۔اُنہوں نے کہا’ ’ 1975کے بعد کوئی سینک کالونی نہیں بنی، کشمیرمیں ہمارے سبکدوش فوجیوں کے لئے کوئی سینک کالونی نہیں، برسوں کی جدوجہدکے بعد ایک سینک کالونی بننے کے قریب پہنچی توتب کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس تجویزکومسترد کردیا‘‘۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)راکیش شرمانے کہاکہ جموں وکشمیرمیں ڈبل انجن سرکاربننے کے بعد سرکار انصاف کرے گی اورشہیدکنبوں کو مفت زمین دی جائے گی، بچوں کو تعلیم مفت دی جائے گی اور اگنی ویر سینک کالونی کے لئے زمین دی جائے گی۔اُنہوں نے کہا’’یہ سب اسکیمیں فوجیوں اوران کے کنبوں کی زندگیاں خوشحال بنائیں گی‘‘۔ اُنہوں نے فوجی جوانوں وان کے کنبوں کوبھاجپا کی بھرپور حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’میرے فوجی جوان دیش بچاناہے اور ملک مخالف طاقتوں کوہراناہے‘‘۔اُنہوں نے مزیدکہاکہ ’’دیش بچاناہے، مودی سرکارکولاناہے ،ڈبل انجن سرکارکولاناہے‘‘۔ اُنہوں نے اپنی بات سمیٹتے ہوئے کہا’’فوجیو!ہم سب ایک ہیں ،ہمارے لئے دیش ایک ہے ،ہم نے دیش کے لئے ووٹ کرناہے اوراپنے ساتھیوں کو بھی مودی سرکار کے لئے ووٹ کرنے کی تلقین کرنی ہے‘‘۔