سپریم کورٹ کی نگرانی میں اس گھپلہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے:کھڑگے
یو این آئی
نئی دہلی؍؍ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے الیکٹورل بانڈز کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ انتخابی بانڈز کے ڈیٹا کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر عام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی انتخابی بانڈز کے نام پر دنیا کا سب سے بڑا ریکٹ چلا رہے ہیں۔مسٹر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہاکہ "نریندر مودی انتخابی بانڈز کے نام پر دنیا کا سب سے بڑا بھتہ خوری کا ریکٹ چلا رہے تھے۔”کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انتخابی بانڈ اسکیم کو زبردستی پیسے کی لوٹ مار اور جمہوریت کو تباہ کرنے کی پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا گھپلہ ہے اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں اس گھپلہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے۔
دریں اثنا، کانگریس کے خزانچی اجے ماکن نے کہا ہے کہ 2018 سے کل 22,217 بانڈ جاری کیے گئے تھے لیکن ویب سائٹ پر صرف 18,871 بانڈز ہیں۔ 3,346 بانڈز کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب نہیں ہیں۔ ایس بی آئی نے 3,346 بانڈز کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جنہیں مودی حکومت بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ آئی ٹی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپوں کو تحقیقات میں ان بانڈز سے جوڑا جانا چاہیے۔ بانڈز کے ذریعے چندہ دینے والی زیادہ تر کمپنیوں پر آئی ٹی یا ای ڈی نے چھاپے مارے اور بی جے پی کے دباؤ میں بانڈز خریدے۔