منقبتِ حضرتِ حسین رضی اللہ تعالی عنہ

0
0

ڈاکٹرمقبول احمد مقبول(اُودگیر،مہاراشٹر)

گفتار میں نہاں ہے کرامت حسین کی
کردارسے عیاں ہے شجاعت حسین کی

جوں جوں کھلے گی ہم پہ حقیقت حسین کی
ووں ووں بڑھے گی عزت وعظمت حسین

وہ خوب جانتے تھے فضیلت حسین کی
واجب تھی اہلِ شام پہ بیعت حسین کی

اپنائیں دل سے ہم سبھی سیرت حسین کی
ہم سے یہ چاہتی ہے محبت حسین کی

نقشہ کچھ اور ہوتا یقیناً جہان کا
قائم ہوئی جو ہوتی خلافت حسین کی

ماتم ،عَلَم وتعزیہ،دُلدُل ،سواریاں
بس، اِن میں بٹ کے رہ گئی الفت حسین کی

ہے ہیچ وپوچ قلت وکثرت کا مسئلہ
دیتی ہے یہ سبق ہمیں جراَت حسین کی

حق کے قیام کے لیے ہو جائیں ہم نثار
یہ درس دے رہی ہے شہادت حسین کی

باطل کے سامنے رہیں ڈٹ کر تمام عمر
یہ کہہ رہی ہے ہم سے عزیمت حسین کی

کس وقت کیا عمل ہو؟ہمیں یہ بتا دیا
امت پہ ہے بڑی یہ عنایت حسین کی

خنجر کے زیرِ سایہ بھی وہ سجدہ ریز تھے
تھی ایسی بے مثال عبادت حسین کی

شام وعراق ،مصر،یمن،ہند اور حجاز
ہر ملک کو ہے آج ضرورت حسین کی

باطل پرست قوتوں کا پھر عروج ہے
ہے آج پھر جہاں کو ضرورت حسین کی

مقبولؔ! دوجہان میں وہ سُرخ رُو ہوا
جس نے بھی کی قبول سیادت حسین کی

ڈاکٹرمقبول احمد مقبول اودگیر(مہاراشٹر)
Dr. Maqbool Ahmed Maqbool
Professor Dept. of Urdu,
Mahrashtra Udayagiri College
UDGIR-413517Dist. Latur( M.S)
Mob:9028598414

 

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا