گلبرگہ : 7/دسمبر 2023 : (راست) ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن کی اطلاع کے بموجب ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کے زیر اہتمام بہ اشتراک’گھومتا آئینہ’ ممتاز ادیب، صحافی و کالم نویس جناب محمد اعظم شاہدکے کالموں پر مشتمل ‘گھومتا آئینہ’ کے زیر اہتمام شائع شدہ کتاب ‘دستک’ کی تقریب رسم اجرا اتوار، 10 /دسمبر 2023 ،صبح ساڑھے دس بجےبہ مقام خواجہ بندہ نواز ایوان اردو ،انجمن کامپلیکس ،اسٹیشن روڈ ،گلبرگہ منعقد ہوگی۔
رسم اجرا بہ دست جناب حامد اکمل، مدیر اعلی، ایقان ایکسپریس عمل میں آئے گی۔مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر محمد عبد الحمید اکبر، صدر شعبہ اردو، خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی، گلبرگہ اور جناب ملنسار اطہر احمد،سابق اسٹیشن ڈائریکٹر، آل انڈیا ریڈیو، بنگلور شرکت کریں گے۔محترمہ شاہ تاج خان صاحبہ، معروف ادیب و سینئر صحافی (پونے)اور ڈاکٹر اطہر معز ،اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو، خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شریک تقریب رہ کر کتاب ‘دستک’ پر اظہار خیال کریں گے۔ڈاکٹر انیس صدیقی ،محمد اعظم شاہد پر لکھا اپنا خاکہ پیش کریں گے۔اس تقریب کی صدارت ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین
صدر انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ فرمائیں گے۔جناب شاہ نواز شاہین، جناب خواجہ پاشاہ انعام دار (نائبین صدر) ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر (معتمد تنظیمی) ، جناب محمد مجیب احمد (خازن)،عہدیداران و اراکین انجمن کے علاوہ جناب چاند اکبر سربراہ گھومتا آئینہ نے ادب دوست احباب سے اس تقریب میں شرکت کی درخواست کی ہے۔